بارش ‘ سردی ‘ درجنوں فیڈرز ٹرپ کر گئے ‘ بجلی کی گھنٹوں بندش ‘ نظام زندگی مفلوج
ملتان ‘ خانیوال ( سٹاف رپورٹر ‘ بیورو نیوز ‘ نمائندہ پاکستان ) بارش اور شدید سرد ی میں بجلی کے بد ترین بحران نے صارفین کو تڑپا کر رکھ دیا‘فیڈرز کی گھنٹوں بندش کے باعث صارفین کو اتوار کو چھٹی کے روز بھی شدید مشکلات کا سامنا رہا‘ ملتان کے درجنوں فیڈرز بارش کے باعث ٹرپ ہو گئے‘ فیڈرز کی بڑی تعداد 6 سے7گھنٹے تک بند رہنے سے(بقیہ نمبر44صفحہ12پر )
نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا‘دریں اثنا حکومت کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کم کرکے شہروں میں دورانیہ 3گھنٹے اور دیہات میں 4گھنٹے کرنے کااعلان کیا گیا ‘ بعد میں وزیر مملکت پانی وبجلی عابد شیر علی نے ملتان کے دورے کے دورن بلند بانگ دعویٰ کیا کہ ملتان سمیت بڑے شہروں میں لوڈشیڈنگ بالکل ختم کر دی گئی ہے ‘لیکن نہ تو لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 3‘4گھنٹے ہو سکا ‘ نہ ہی بڑ ے شہر لوڈشیڈنگ فری ہو سکے‘ اس کے علاوہ فیڈرز کی بحالی و مرمت کے کاموں کے سلسلے میں شٹ ڈاؤن کے نام پر روزانہ کئی گھنٹے بجلی بند کی جارہی ہے۔ خانیوال سے نمائندہ پاکستان کے مطابق خانیوال میں بارش کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا اور بارش کے باعث گیس کے ساتھ ساتھ بجلی کی بھی طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا ۔غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے امور خانہ داری میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں صبح سویرے گیس دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے بچوں کا سکولوں میں دیر سے پہنچنا معمول بن چکا ہے شہریوں الطاف، رضوان، راشد، طاہر، حفیظ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صبح سکول ٹائم پر ہونے والے لوڈشیڈنگ فوری ختم کریں۔