’’افسروں کی بیگمات ہم سے جوتے چمکواتی اورکتے نہلوا تی ہیں‘‘،بھارتی فوجی
نئی دہلی(اے این این ) سرجیکل سٹرائیک کے دعویداربھارت میں فوجیوں کی تذلیل کی اور داستان منظرعام پر آگئی ، افسروں کی بیگمات ہم سے جوتے چمکواتی اورکتے نہلوا تی ہیں، فوجی جوانوں کی طرف سے سوشل میڈ یاپرجاری ویڈیو نے سورماؤں کا شرمناک چہرہ دنیا کے سامنے عیاں کردیا، بدنامی پربھارتی آرمی چیف بپن راوت سیخ پا،فوجی جوانوں کی طر ف سے سوشل میڈیا پر اپنے مسائل کاذکرکرنے پرپابندی لگادی۔میڈیارپورٹ کے مطابق سرجیکل سٹرائیک کے دعویدار بھارت کو اپنے ہی فوجیوں کی جانب سے شدید تنقید کانشانہ بنایا جارہا ہے،بھارتی فوجیوں نے سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے ایک بار پھر ایک ایسی ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایک فوجی نے بھارتی حکومت اور فوج کے اعلیٰ حکام کو شرم دلواتے ہوئے کہا ہے کہ افسروں کی بیگمات جوانوں سے اپنے جوتے چمکواتی ہیں اور پھر ہم سے اپنے کتوں کی خدمت گاری اور ہم سے کتے نہلواتی ہیں۔ یاد رہے کہ ایک ہفتے کے دوران یہ تیسرا بھارتی فوجی ہے جس نے سورماؤں کی فوج کا شرمناک چہرہ ساری دنیا کے سامنے عیاں کیا ہے۔ اس سے قبل ایک بی ایس ایف کے جوان نے ویڈیو میں کہا تھا کہ ان کو کھانے کیلئے پتلی دال جس میں صرف پانی اور ہلدی ہوتی ہے دی جاتی ہے اور اعلی حکام کھانے کو بیچ دیتے ہیں۔ دوسر ی جانب بھارتی آرمی چیف نے جوانوں کی طرف سے سوشل میڈیاپراس طرح کے مسائل اٹھانے کانوٹس لے لیااورمزیدبدنامی سے بچنے کیلئے جوانوں کی طرف سے سوشل میڈیاکے ذریعے مسائل اجاگرکرنے پرپابند ی لگادی ۔ انہوں نے فوجیوں کو اپنے مسائل کوسوشل میڈیا پر لانے کی بجائے مناسب فورم پر اٹھاناچاہیے اگر ان کے مسائل کو مناسب فورم پر حل نہ کیا جائے تو وہ ان سے براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ ہمارے چند دوستوں نے سوشل میڈیا پر اپنی شکایات کا ذکر کیا جس سے سرحدوں پر تعینات جوان متاثر ہوئے انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے۔