پہلا ٹیسٹ، پاکستانی بولرز نے سری لنکا کی پوری ٹیم 222 رنز پر پولین پہنچا دی

گال (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کی پوری ٹیم پہلے ہی روز 222رنز پر پولین پہنچا دی ہے جس میں سب سے زیادہ 75 رنز دنیش چندی مال نے بنائے جبکہ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
تفصیلات کےمطابق سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس پر اوشادہ فرنینڈو اور کپتان دیمتھ کرونارتنے نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن اوپننگ پر آنے والے کپتان دیمتھ کرونارتنے 11 رنز کے مجموعے پر صرف 1 رن بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے ۔
سری لنکا کی دوسری وکٹ 60 رنز کے مجموعے پر کوشل مینڈس کی گری جو کہ 21 رنز بنا کر پاکستانی سپنر یاسر شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو کر پولین لوٹ گئے۔ پاکستانی باؤلر حسن علی نے میزبان ٹیم کا تیسرا شکار اوپننگ پر آنے والے اوشادہ فرنینڈو کا کیا، وہ 35 رنز بنا کر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
چوتھے نمبر پر آنے والے انجیلو میتھیوز صفر توڑنے میں بھی کامیاب نہیں ہوئے اور یاسر شاہ کی گیند پر نسیم شاہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔دوسرے سیشن کے آغاز پر سری لنکن بلے باز "دھننجیا ڈی سلوا "14رنز پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے جبکہ "نرشون ڈکولا" بھی شاہین آفریدی کی گیند پر صرف 4رنز بنا کر آغا سلمان کے ہاتھو ں کیچ آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کی ساتویں وکٹ 130رنز کے مجموعے پر رمیش مینڈس کی گری جو 11رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھو ں کیچ آوٹ ہوئے جبکہ آٹھویں وکٹ "پرباتھ جیسوریا " کی 133رنز پر گری جو صرف تین رنز بنانے میں ہی کامیاب ہوئے اور محمد نواز کی گیند کا شکار ہوئے۔
سری لنکا کی جانب سے دنیش چندی مال نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو بڑی سپورٹ فراہم کی ، دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 75 رنز کی اننگ کھیلی اور حسن علی کی گیند پر یاسر شاہ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے ۔
پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 4 وکٹیں شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کیں جبکہ ان کے علاوہ حسن علی اور یاسر شاہ نے 2،2 کھلاڑیوں کو پولین پہنچایا، نسیم شاہ اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔