وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر تاجپورہ میں نکاسیٔ آب کیلیے زیر زمین واٹر ٹینکس کی تعمیر شروع

لاہور(نمایندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر واسا لاہور نے تاجپورہ کے علاقوں میں نکاسیٔ آب کے دیرینہ مسائل کے مستقل حل کے لیے زیر زمین واٹر ٹینکس کی تعمیر کا آغاز کر دیا۔ اس منصوبے کا افتتاح صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد اور ایم ڈی واسا غفران احمد کے ہمراہ کیا۔افتتاحی تقریب کے دوران ایم ڈی واسا غفران احمد نے منصوبے کی تفصیلات پر بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ تاجپورہ میں 2 زیر زمین واٹر ٹینکس تعمیر کیے جا رہے ہیں، جن میں سے ایک بابری پارک میں 22 لاکھ گیلن بارشی پانی محفوظ کرنے کی گنجائش رکھے گا، جبکہ دوسرا آمنہ پارک میں 19 لاکھ گیلن پانی ذخیرہ کرنے کے لیے بنایا جا رہا ہے۔یہ منصوبہ رواں برس مون سون سیزن سے قبل مکمل کر لیا جائے گا، جس سے تاجپورہ کے مکینوں کو بارش کے دوران پانی کھڑا ہونے کے مسائل سے نجات ملے گی۔
وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ یہ منصوبہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے تاجپورہ کے عوام کے لیے ایک بہترین تحفہ ہے، جو نکاسیٔ آب کے مسائل کے دیرپا حل میں مدد دے گا۔ ماضی میں بارشوں کے دوران تاجپورہ کے نشیبی علاقوں میں کئی فٹ تک پانی جمع ہو جاتا تھا، جس سے نہ صرف شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا بلکہ گھروں میں بھی پانی داخل ہو جاتا تھا۔ تاہم، ان واٹر ٹینکس کی تعمیر سے ان تمام مسائل کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔
وزیر صحت نے واسا حکام کو ہدایت دی کہ منصوبے کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور اس کی تکمیل مقررہ وقت میں یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے مزید تاکید کی کہ تعمیراتی کام کے دوران عوام الناس کو کم سے کم مشکلات پیش آئیں اور تمام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ واسا لاہور نکاسیٔ آب کے مسائل کے پائیدار حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔