9 ماہ سے خلائی سٹیشن پر  پھنسے خلاء بازوں کو اس عرصے کا کتنا معاوضہ ملے گا؟ جان کر یقین نہ آئے

9 ماہ سے خلائی سٹیشن پر  پھنسے خلاء بازوں کو اس عرصے کا کتنا معاوضہ ملے گا؟ ...
9 ماہ سے خلائی سٹیشن پر  پھنسے خلاء بازوں کو اس عرصے کا کتنا معاوضہ ملے گا؟ جان کر یقین نہ آئے
سورس: NASA

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) ناسا کے خلا باز سنیتا ولیمز اور بچ ولمور 8 دن کے مشن پر روانہ ہوئے تھے لیکن  غیر متوقع تکنیکی مسائل کی وجہ سے بین الاقوامی خلائی سٹیشن (آئی ایس ایس) پر نو ماہ سے زائد عرصے سے موجود ہیں۔ وہ اب سپیس ایکس ڈریگن سپیس کرافٹ کے ذریعے 19 مارچ سے پہلے زمین پر واپسی کی تیاری کر رہے ہیں، اور اسی دوران ان کے اس طویل قیام کے معاوضے پر بھی بحث جاری ہے۔

ریٹائرڈ ناسا خلا باز کیڈی کولمین کے مطابق خلاء بازوں کے لیے کوئی خصوصی اوور ٹائم تنخواہ مقرر نہیں کی جاتی۔ چونکہ وہ سرکاری ملازمین ہوتے ہیں اس لیے خلا میں ان کا وقت عام زمینی سرکاری سفر کی طرح سمجھا جاتا ہے اور وہ اپنی معمول کی تنخواہ وصول کرتے رہتے ہیں۔ ناسا ان کی خوراک اور رہائش کے اخراجات بھی خود برداشت کرتا ہے۔

انہیں صرف ایک معمولی یومیہ الاؤنس دیا جاتا ہے جو واشنگٹونین کے مطابق صرف 4 ڈالر  روزانہ ہے۔ مثال کے طور پر 2010-11 میں اپنے 159 روزہ مشن کے دوران کولمین کو کل 636 ڈالر  اضافی ادائیگی ملی تھی۔ اسی حساب سے سنیتا ولیمز اور بچ ولمور کو 287 دن خلا میں گزارنے پر تقریباً 1148 ڈالر  اضافی معاوضہ ملے گا۔ ناسا نے وضاحت کی ہے کہ یہ خلا باز تکنیکی طور پر "پھنسے" نہیں ہیں، بلکہ وہ آئی ایس ایس پر معمول کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔

سنیتا ولیمز اور بچ ولمور ناسا کے بوئنگ سٹار لائنر ٹیسٹ فلائٹ کا حصہ ہیں اور انہیں جنرل شیڈول (جی ایس) سسٹم کے تحت سب سے زیادہ  جی ایس 15 گریڈ میں رکھا گیا ہے جو کہ امریکہ میں وفاقی ملازمین کے لیے سب سے اعلیٰ سطح کا درجہ ہے۔ جی ایس 15  ملازمین کو سالانہ بنیادی تنخواہ ایک لاکھ 25 ہزار 133 سے ایک لاکھ 62 ہزار 672 ڈالر  کے درمیان دی جاتی ہے۔
9ماہ تک خلا ءمیں رہنے پر ولیمز اور ولمور کو ان کی سالانہ تنخواہ کے مطابق 93 ہزار 850 سے ایک لاکھ 22 ہزار 4ڈالر تک   ملیں گے۔ اگر اس میں 1148 ڈالر  کا اضافی الاؤنس شامل کر لیا جائے تو مجموعی طور پر انہیں 94 ہزار 998 سے ایک لاکھ 23 ہزار 152 ڈالر پورے سال میں دیئے جائیں گے۔
اسپیس ایکس ڈریگن نے تقریباً صبح 10 بجے آئی ایس ایس پر کامیابی سے ڈاکنگ کی۔ ناسا کے سپیس ایکس کریو-10 مشن کے تحت آئی ایس ایس پر 4 نئے خلا ءباز بھی پہنچے ہیں، جن میں ناسا کے این میک کلین اور نکول آیئرز، جاپان ایرو اسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی کے تاکویا اونیشی، اور روسکوسموس کے خلاء باز کیریل پسکوف شامل ہیں۔