افغان سرزمین کو دہشت گردی کے استعمال سے روکنے کیلئے عالمی برادری مدد کرے،وزیراعظم شہبازشریف کا ایس سی او اجلاس سے خطاب

Oct 16, 2024 | 10:02 AM

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کا 23 واں اجلاس اسلام آباد کے کنونشنل سینٹر میں جاری ہے جس کا آغاز وزیراعظم شہبازشریف کے خطاب سے ہوا، اجلاس میں سربراہان مملکت اور نمائندگان خطابات کر رہے ہیں جبکہ اجلاس میں تنظیم کے بجٹ کی منظوری بھی دی جائے گی۔

وزیراعظم شہبازشریف کا خطاب

وزیراعظم شہبازشریف نے ایس سی او اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کا انعقاد ہمارے لئے اعزاز ہے،پائیدار ترقی کیلئے  علاقائی تعاون اور روابط کا فروغ ضروری ہے،ایس سی او ممالک دنیا کی آبادی کا 40فیصد ہیں،معاشی  ترقی، استحکام اور خوشحالی کیلئے ملکر آگے بڑھنا ہے،ہم نے اپنے لوگوں کو بہتر معیار زندگی اور سہولتیں فراہم کرنی ہیں،یقین ہے اجلاس میں سیرحاصل گفتگو کے دور رس نتائج ملیں گے۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق ایس سی او کے 23ویں سربراہ اجلاس کا باضابطہ آغاز ہو گیا،وزیراعظم شہبازشریف ایس سی او سربراہ اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں،وزیراعظم شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تمام معزز مہمانوں کو ایس سی او اجلاس میں خوش آمدید کہتا ہوں،ایس سی او اجلاس میں رہنماؤں کا خیرمقدم کرتے ہیں،وزیراعظم نے کہاکہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کا انعقاد ہمارے لئے اعزاز ہے، پائیدار ترقی کیلئے  علاقائی تعاون اور روابط کا فروغ ضروری ہے،ایس سی او ممالک دنیا کی آبادی کا 40فیصد ہیں،معاشی  ترقی، استحکام اور خوشحالی کیلئے ملکر آگے بڑھنا ہے،ہم نے اپنے لوگوں کو بہتر معیار زندگی اور سہولتیں فراہم کرنی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ یقین ہے اجلاس میں سیرحاصل گفتگو کے دور رس نتائج ملیں گے،عالمی منظر نامے میں تبدیلی اور ارتقا کا سامنا کررہے ہیں،موجودہ صورتحال اجتماعی اقدامات کی متقاضی ہے،وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن و استحکام چاہتا ہے،اجلاس رکن ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ کا موقع فراہم کرے گا، ہمیں اجتماعی دانش کو بروئے کار لاتے ہوئے آگے بڑھنا ہے،تجارتی روابط کے فروغ کیلئے کاوشیں ضروری ہیں۔انہوں نے کہاکہ عالمی برادری افغانستان میں انسانی بنیادوں پر امداد پر توجہ دے،افغان سرزمین کا دہشتگردی کیلئے استعمال روکنا ہوگا،غربت معاشی نہیں، اخلاقی مسئلہ بھی ہے،خطے کے ملکوں میں ٹرانسپورٹ،توانائی کے شعبوں میں تعاون کے بہت مواقع ہیں،معاشی تعاون کیلئے ایس سی او ملکوں کو نئی حکمت عملی پر غور کرنا ہوگا،ان کاکہناتھا کہ سیاحت ، روابط گرین بیلٹ کے شعبوں پر توجہ کی ضرورت ہے، قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا، علاقائی ترقی کیلئے بیلٹ اینڈ روڈ اہم منصوبہ ہے۔

بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر

بھارت کے وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایس سی او کی صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دیتاہوں ، بھارت نے اس صدارت کو کامیاب بنانے کیلئے اپنی مکمل حمایت فراہم کی ، ہم ایک ایس وقت میں مل رہے ہیں جب دنیا بھر میں حالات پیچیدہ ہیں ، دو بڑے تنازعات جاری ہیں جن کے عالمی اثرات مختلف ہیں ، کویڈ نے ترقی پذیر ممالک کو سخت نقصان پہنچایا ہے ، قرض کا بوجھ ایک سنگین مسئلہ ہے ، دنیا پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں پیچھے ہے ۔ 

بھارتی وزیر خارجہ کا کہناتھا کہ ہمیں ایماندارانہ گفتگو کی ضرورت ہے ، دنیا کثیر قطبی نظام کی طرف بڑھ ہی ہے ، تعاون حقیقی شراکت داری پر مبنی ہونا چاہیے نہ کہ یکطرفہ ایجنڈوں پر ، ہمارا تعاون باہمی احترام اور خود مختاری کی  برابری پر مبنی ہونا چاہیے ، ہمیں ایک دوسرے کی سالمیت اور خود مختاری کا احترام کرنا چاہیے ۔ 

بیلاروس کے وزیراعظم کا خطاب

ایس سی او اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بیلا روس کے وزیراعظم نے عالمی سطح پر پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا۔بیلا روس کے وزیراعظم نے اپنے خطاب میں شہبازشریف کی تقریر کو سراہتے ہوئے کہاکہ شہبازشریف نے صرف پاکستان نہیں بلکہ ایس سی او کی ترجمانی کی، ان کاکہناتھا کہ رواں سال شہبازشریف سے آستانہ میں ملاقاتیں ہوئیں۔

قبل ازیں شنگھائی تعاون تنظیم کے 23واں سربراہی اجلاس کیلئے عالمی رہنماؤں اور مندوبین کی جناح کنونشن سینٹرپہنچے،وزیراعظم شہبازشریف نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار وزیراعظم شہبازشریف کے ہمراہ تھے،وزیراعظم شہبازشریف نے سیکرٹری جنرل ایس سی او کا استقبال کیا، ایران کے وزیر معدنیات بھی اجلاس میں شرکت کیلئے کنونشن سینٹرپہنچے ،وزیراعظم شہبازشریف نے ایران کے وزیر معدنیات کا خیرمقدم کیا،بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر ایس سی اوبھی  اجلاس میں شرکت کیلئے کنونشن سینٹرپہنچے،وزیراعظم شہبازشریف نے بھارتی وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔

 ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میریدوف،بیلاروس اور منگولیاکے وزیراعظم شرکت کیلئے کنونشن سینٹر پہنچے، وزیراعظم شہبازشریف  نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔چین ، روس، ازبکستان، قازقستان کے وزرائے اعظم بھی کنونشن سینٹر پہنچے تو وزیراعظم شہبازشریف نے معزز مہمان گرامی کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ایس سی او اجلاس سے قبل سربراہان مملکت نے گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

مزیدخبریں