تحریک انصاف کا ضلعی ورکرز کنونشن ہلڑ بازی اور ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگیا
ہنگو (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کا ضلعی ورکرز کنونشن ہلڑ بازی اور ہنگامہ آرائی کی نذر ۔ایم این اے ہنگو حاجی خیال زمان اورکزئی جیسے ہی تقریر کے لئے ڈائس پر آئے تو پارٹی کارکنان نے مشتعل ہو کر نعروں سے استقبال کیا۔ بدنظمی بڑھتے بڑھتے سٹیج تک پہنچ گئی۔ ایم این اے کوہاٹ شہر یارآفریدی ،ایم پی اے ہنگو شاہ فیصل اور ضلعی عہدیداران کارکنان کو صبر کی تلقین کرتے رہے۔ضلعی جنرل سیکرٹری نے بھی ہنگامہ آرائی کے باعث مائیک ڈائس سے نیچھے پھینک دیا۔
تفصیلات کے مطابق جہاز گراونڈ خیساری کاہی میں تحریک انصاف ضلع ہنگو کا ورکرز کنونشن اس وقت شدید ہنگامہ آرائی،ہلڑ بازی اور بد نظمی کی نذر ہو گیا جب کارکنان نے ایم این اے ہنگو حاجی خیال زمان اورکزئی کی تقریر کے دوران مشتعل ہو کر ہنگامہ پربا کر دیا۔ پی ٹی آئی کے ناراض کارکنان کا موقف تھا کہ تحریک انصاف صوبے کی حکمران جماعت ہے جس کو عوام نے بھاری منڈیٹ سے کامیاب کرایا مگر پی ٹی آئی کے ایم این اے ضلع ہنگو خیال زمان اورکزئی نے گزشتہ چار سال میں ناقص کارکردگی اور غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کر کے پارٹی کی ساکھ کو بری طرح مجروح کیا ۔ جس سے نہ صرف من پسند منظورنظر افراد کو نوازا بلکہ ضلع ہنگو کے عوام کے حقوق کو استحصال کا نشانہ بنایا۔کارکنان کی ہنگامہ آرائی اور شدید مخالفت سامنے آنے پر ایم این اے حاجی خیال زمان اورکزئی کو اپنی جاری تقریر مکمل کرنے کا موقع نہ مل سکا۔دریں اثناء ایم این اے کوہاٹ شہر یار آفریدی نے ضلعی عہدیداران کے ہمراہ بڑی مشکل سے حالات کو راہ راست پر لاتے ہوئے کارکنان سے خطاب میں کہا کہ اصلاحی تنقید جمہوری نظام کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ملک سے کرپٹ اور نا اہل سیاسی کرداروں کا صفایا کر کے جمہوریت کے حقیقی پہلوئوں کو اجاگر کیا۔انہوںنے کہا کہ ملک کو اندرونی اور نیرونی چیلینجز کا سامنا ہے اور آمریکہ سمیت ملک دشمن قوتیں پاکستان کو کمزور کرنے کی ناپاک سازشوں کیساتھ ساتھ دنیا کے ہر کونے میں مسلمانان عالم پر مظالم ڈھا رہے ہیں جس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں نے ملک کو مقروض کر کے دیوالیہ کر دیا ہے۔شہر یار آفریدی نے کہا کہ شریعت اور قومیت کے نام پر عوام کو گمراہ کر نے والے ملک اور قوم کے خیر خواہ نہیں اور انہوں نے ہمیشہ زاتی اور سیاسی مفادات کی سیاست کو دوام بخشا۔انہوں نے کہا کہ ضلع ہنگو قدرتی زخائر سے مالا مال ہے جو کہ ترقی اور خوشحالی کا سنگ میل ثابت ہوں گے۔تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے قلیل عرصہ میں صوبے میں اربوں روپے کے فنڈز سے نہ صرف خیبر پختونخواہ میں حقیقی تبدیلی ثابت کر دی بلکہ صوبے کے عوام کی احساس محرومی کا خاتمہ ممکن بنایا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے گیس فراہمی کی مد میں انہوں نے چھ ارب سات کروڑ کے خطیرفنڈز منظور کروائے جس سے جنوبی اضلاع میں ترقی کا نیا باب شروع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آنے والا دور پھر تحریک انصاف کا ہے اور کارکنان اتفاق و اتحاد کا دامن پکڑ رکھیں۔ورکرز کنونشن سے ایم پی اے شاہ فیصل،ضلعی صدر ظہور شاکر سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کرتے ہوئے اتفاق و اتحاد کی تلقین کی۔