بیٹھنے کی جگہ نہ ٹھنڈا پانی ، سیشن کورٹ آنے والے سائل گرمی سے نڈھال
لاہور(نامہ نگار)پینے کا صاف پانی اورنہ ہی بیٹھنے کی جگہ ، سیشن کورٹ میں آنے والے سائل خوار ،گرمی کی شدت بڑھتے ہی پانی کی بوتلیں فروخت کرنے والا مافیا سرگرم ہوگیاجوناقص پانی کی بوتلیں 35سے 40روپے میں فروخت کرکے شہریوں کو لوٹنے میں مصروف ہے ،غریب سائل ٹھندے پانی کو ترس گیا،دور دراز سے آنے والے انصاف کے متلاشی عدالتی برآمدوں میں ٹھنڈے پانی کے"واٹر کولر "دستیاب نہ ہونے پر پھٹ پڑے تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ میں روزانہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ حصولِ انصاف کے لئے آتے ہیں۔ندیم ،ثاقب، جمیل ،حافظ عبداللہ ،الیاس بھٹی وغیرہ نے پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیشن کورٹ کی عمارت 2 منزلہ ہے لیکن اس عمارت میں سائلوں کی سہولت کا کوئی خیال نہیں رکھا گیا، برآمدوں میں کوئی واٹر کولر بھی نہیں ہے جس کے باعث سائل ٹھنڈے پانی کی تلاش میں ادھر ادھر سرگرداں نظر آتے ہیں۔ سائلوں کا کہنا ہے کہ گھر سے بسوں میں سفر کرکے وہ یہاں کیسے پہنچتے ہیں ،یہ وہ ہی جانتے ہیں جبکہ یہاں بیٹھنے کی جگہ نہ ہونے کی وجہ سے یا تو کھڑا رہنا پڑتا ہے یا پھر زمین پر بیٹھ کر ہی گزارا کرناپڑتا ہے۔ اس حوالے سے وکلاء مدثر چودھری، مرزا حسیب اسامہ، مشفق احمد خان ، مجتبی چودھری کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی عدمِ دلچسپی کے باعث سائلین پریشانی سے دوچار ہیں تاہم انہیں چاہیے کہ فوری عدالتوں میں آنے والے سائلین کے لئے پانی اور بیٹھنے کا انتظام کیا جائے ۔