2 گھنٹے تاخیر سے کیوں آئے؟ فاتح کھلاڑی کا ٹرافی توڑ کر میزبان سے شدید احتجاج
چارسدہ (ڈیلی پاکستان آن لائن )ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس چارسدہ کے زیر اہتمام جشن آزادی سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب کے موقع پر ضلعی سپورٹس انتظامیہ کی بد انتظامی اورناقص انتظامات کے خلاف کھلاڑیوں نے احتجاج ریکارڈ کروایا۔
کھلاڑیوں نے ضلعی سپورٹس افسر کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے ٹرافی توڑ دی اور اعلیٰ افسران سے واقعے کا نوٹس لینے کی اپیل کی۔نوجوان کھلاڑی کی ٹرافی توڑنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس پر رد عمل دیتے ہوئے صارفین نے بھی منتظمین کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ کھلاڑیوں نے بالکل ٹھیک کیا۔ایک صارف کا کہنا تھا کہ سرکاری افسران نے تاخیر سے آکر کوئی نیا کام نہیں کیا اور جواباً یہ نوجوان کھلاڑی کا ردعمل ہے۔ صارف کا مزید کہنا تھا کہ لوگ اب تنگ آ رہے ہیں اور کسی جمہوری متبادل پلیٹ فارم کی عدم موجودگی میں عوام کا غصہ اور افراتفری انتشار اور تباہی کا باعث بن سکتی ہے۔حسن خٹک نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’پروگرام تو وڑ گیا‘۔کھلاڑیوں کا احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ انہیں 2 بجے کا وقت دیا گیا تھا، تمام کھلاڑی سخت گرمی میں وقت پر پہنچے لیکن 3 گھنٹے سے زائد انتظار کرایا گیا۔