ترقی کرتا پاکستان ہمارے دشمنوں کی آنکھوں میں کھٹکتا ہے : سیف الملوک کھوکھر

لاہور(لیڈی رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر سیف الملو ک کھوکھر نے کہا ہے کہ ترقی کرتا پاکستان ہمارے دشمنوں کی آنکھوں میں کھٹکتا ہے ، بھارت کی مالی معاونت سے دہشتگردی کرنے والے نہ پہلے پاکستانی قوم کے عزم کو متزلزل کر سکے ، نہ آئندہ اس میں کامیاب ہوں گے ، پاکستان کی بہادر افواج ، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور ان کا ہر جگہ پیچھا کیا جائے گا ۔
ملاقات کے لئے آنے والے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ پاکستان جب بھی ترقی کرنے لگتا ہے دہشتگردی کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے ، اس کے پیچھے کون سے ہاتھ کار فرما ہیں ساری دنیا اس سے اچھی طرح آگاہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں جب پوری قوم کو مضبوط اتحاد اور یگانگت کی ضرورت ہے ،بد قسمتی سے ایک سیاسی جماعت اس کے برعکس سر گرمیاں کرتی ہے ، ایک طرف دہشتگرد ہتھیاروں سے حملہ آور ہیں اور دوسری طرف سوشل میڈیا پر بھی دہشتگردی ہو رہی ہے جو قابل مذمت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج ، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوان دہشتگرد ی کے خلاف جنگ میں ہر روز اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ملک ایک دن امن کا گہوارہ بنے گا ۔انہوں نے کہا کہ ان شا اللہ پاکستان نہ صرف خطے بلکہ دنیا میں بہترین معاشی طاقت بنے گا اور پاکستان کے بد خواہ ناکام اور نا مراد رہیں گے۔