پنجاب میں دھند اور سموگ کا راج برقرار، مختلف مقامات پرموٹرویز بند

Nov 17, 2024 | 10:13 AM

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) لاہور صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سموگ اور دھند کا راج برقرار ہے جبکہ آلودہ ترین شہروں میں لاہور آج بھی دنیا بھر کے شہروں میں دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

 نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق لاہور میں ائیر کوالٹی انڈیکس 358 ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر کے مختلف علاقوں ڈی ایچ اے میں اے کیو آئی 523، سید مراتب علی روڈ کا انڈیکس 463 تک پہنچ گیا، اسی طرح ویلنشیا ٹاؤن کے علاقے کا ائیر کوالٹی انڈیکس 461 اور غازی روڈ انٹرچینج کا ائیر کوالٹی انڈیکس 427 ریکارڈ کیا گیا۔

اسلام آباد اور پشاور میں بارش کے بعد سموگ میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے اور محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت دیگر شہروں میں بادل برسنے کی پیش گوئی کی ہے ، تاہم ملتان میں ایئر کوالٹی انڈیکس 248 ، فیصل آباد اور پشاور 196، راولپنڈی 172 ریکارڈ کیا گیا ۔

بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے باعث گرین لاک ڈاؤن کا دائرہ کار بھی وسیع کر دیا گیا، سموگ کے باعث لاہور اور ملتان میں یونیورسٹیز اور کالجز بند رہیں گے، یونیورسٹیز اور کالجز کو آن لائن کلاسز پر منتقل کردیا گیا، مری کے علاوہ تمام اضلاع کے سکولز 24 نومبر تک بند رہیں گے۔

دوسری جانب سموگ اور دھند کے باعث موٹروے کو بھی مختلف مقامات سے بند کردیا گیا جس کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔موٹروے ایم 2 کو لاہور سے کوٹ مومن تک دھند اور سموگ کے باعث بند ہے، موٹروے ایم 3 لاہور سے درخانہ تک جبکہ موٹروےایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک دھند اور سموگ کے باعث بند ہیں۔

موٹروے ایم 5ملتان سے سکھر تک دھند اور اسموگ کی وجہ سے بند ہے، قومی شاہراہ ملتان روڈ پر لاہور، مانگامنڈی اور پتوکی میں دھند موجود ہے، رینالہ خورد، اوکاڑہ، ساہیوال،چیچہ وطنی اور میاں چنوں میں بھی دھند ہے۔موٹروے ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹروے کو مسافروں کی حفاظت کیلئے بند کیا گیا ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔

مزیدخبریں