”پی ایس ایل کسی بھی طرح آئی پی ایل سے کم نہیں، ملتان سٹیڈیم میں جو کچھ نظر آیا، دنیا میں کہیں نہیں دیکھا“ لائم لیونگ سٹون نے بھارتیوں کو پھر ”آئینہ“ دکھا دیا

”پی ایس ایل کسی بھی طرح آئی پی ایل سے کم نہیں، ملتان سٹیڈیم میں جو کچھ نظر ...
”پی ایس ایل کسی بھی طرح آئی پی ایل سے کم نہیں، ملتان سٹیڈیم میں جو کچھ نظر آیا، دنیا میں کہیں نہیں دیکھا“ لائم لیونگ سٹون نے بھارتیوں کو پھر ”آئینہ“ دکھا دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) لائم لیونگ سٹون نے کرکٹ کے معیار میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے ہم پلہ قرار دیدیا ہے جن کا کہنا ہے کہ ملتان میں میچز کے دوران ماحول ناقابل یقین تھا،30 ہزار کی گنجائش والے سٹیڈیم میں 50 ہزار کے قریب تماشائی موجود رہے جو کسی ایک ٹیم کیلئے نہیں بلکہ ہر سٹروک اور وکٹ پر شور مچاتے تھے، میں نے ایسا جوش و خروش دنیا میں کہیں نہیں دیکھا۔
تفصیلات کے مطابق رواں سال پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے انگلش کرکٹر لائم لیونگ سٹیون بگ بیش لیگ (بی بی ایل) اور انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں بھی شرکت کرچکے ہیں جنہوں نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹی 20 لیگز میں کرکٹ کے معیار میں کوئی فرق محسوس نہیں ہوا اور دونوں ہم پلہ ہیں،پڑوسی ملکوں میں کرکٹرز اور شائقین اس کھیل پر دل و جان چھڑکتے ہیں،یہ بات دنیا کی کسی اور لیگ میں نظر نہیں آتی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایسے وینیوز بھی دیکھنے کا موقع ملا جہاں عوام ایک عرصے سے کرکٹ ایکشن کو ترس رہے تھے، ملتان میں ماحول ناقابل یقین تھا، سٹیڈیم کی گنجائش 30 ہزار کے قریب ہوگی مگر میرا اندازہ ہے کہ وہاں 50 ہزار شائقین موجود تھے جنہوں نے کسی ایک ٹیم کو سپورٹ نہیں کیا بلکہ ہر سٹروک اور وکٹ پر شور مچانے کے ساتھ ایک ایک لمحے کا بھرپور لطف اٹھایا، میں نے ایسا جوش و خروش دنیا میں کہیں نہیں دیکھا، پاکستان کے لوگ بڑے مہمان نواز ہیں اس لئے آئندہ بھی پی ایس ایل میں شرکت کا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دوں گا۔
واضح رہے کہ لائم لیونگ سٹون ان 14 غیر ملکی کرکٹرز میں شامل تھے جو کورونا وائرس کی وجہ سے فلائٹ آپریشن معطل ہونے کے خدشات محسوس کرتے ہوئے پی ایس ایل کا لیگ مرحلہ ختم ہونے سے پہلے ہی پاکستان سے روانہ ہوگئے تھے تاہم ان کے جانے کے بعد ٹورنامنٹ کے پلے آف مرحلے کو منسوخ کرنا پڑا اور فاتح کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے جس کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بقیہ میچز کے ذریعے میدان میں ہی اس کا فیصلہ کرنے کا عزم ظاہر کر رکھا ہے۔

مزید :

کھیل -PSL -PSL News Update -