صحافی کا قتل ،بھارت کی ایک اور عدالت نے گرو گرمیت رام پر بجلیاں گرا دیں

صحافی کا قتل ،بھارت کی ایک اور عدالت نے گرو گرمیت رام پر بجلیاں گرا دیں
صحافی کا قتل ،بھارت کی ایک اور عدالت نے گرو گرمیت رام پر بجلیاں گرا دیں

  

نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارت کے معروف نام نہاد بابا اور خواتین سادھوؤں کے ساتھ ریپ کے جرم میں سزائے قید کاٹنے والے گرو گرمیت سنگھ پر ایک اور قیامت ٹوٹ پڑی، ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ  کو صحافی رام چندر چھترپتی قتل معاملے میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے عمر قید کی سزا سناتے ہوئےگرو گرمیت سنگھ سمیت تمام شریک مجرموں پر فی کس  50 ہزار جرمانے کی سزا دے دی ہے۔

بھارتی نجی ٹی وی کے مطابق سادھویوں کے ساتھ ریپ میں سزا کاٹ رہے ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم سنگھ  کو صحافی رام چندر چھترپتی قتل کیس میں عمر قید اور 50 ہزار جرمانے کی سزا سنائی ہے ،عدالت نے گرو گرمیت رام رحیم سنگھ کے ساتھ شریک 3 دوسرےمجرموں کلدیپ سنگھ، نرمل سنگھ اور کرشن لال کو بھی عمر قید کی سزا سناتے ہوئے فی کس 50 ہزار جرمانہ عائد کیا ہے۔عدالت  نے ہریانہ حکومت کی درخواست کے بعد سزا کا اعلان ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سنایا ،سزا کے اعلان سے پہلے پراسیکیوٹر نے عدالت سے گرمیت رام رحیم کو پھانسی دینے کی استدعا  کی تھی تاہم عدالت نے چاروں مجرموں کو عمر قید کی سزا سنائی ،اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔رام چندر چھتر پتی کے بیٹے انشل چھترپتی نے عدالتی فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے  کہا کہ یہ سچ کی جیت ہے،ہمیں آج دلی سکون ملا ہے ، پراسیکیوٹر نے سزائے موت کی استدعا  کی تھی  لیکن جو سزا دی گئی ہم اس سے بھی مطمئن ہیں۔