حکومت کاشتکاروں کے مسائل حل کرے: محمد خالد وسیم
لاہور ( پ ر) نیشنل کوآپریٹو سپلائی کارپوریشن کے صدر محمد خالد وسیم نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کے کاشتکار شدید مسائل کا شتکار ہے اور حکومت کو ترجیحی بنیادوں پر کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ تاکہ مستقبل میں ملک غذائی بحران کا سامنا نہ کریں۔ انہوں نے یہ بات نیشنل کوآپریٹو سپلائی کارپوریشن کے سالانہ اجلاس عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ آج کپاس گنے ، آلو اور دیگر فصلوں کے کاشتکار شدید بحران کا شکار ہیں۔ سرمایہ منجمد ہوگیا ہے ٹیکسٹائل ملوں کا دھاگہ، جننگ فیکٹریوں میں روئی اور کسان کی کپاس و آلو منڈیوں میں پڑا ہے۔ مگر خریدار نہیں ہے کسانوں کو اگلی فصل کیلئے سرمایہ کی شدید کمی کا سامنا ہے حکومت کو روئی کی درآمد پر ڈیوٹیاں ختم کرنے سے قبل لوکل روئی کی فروخت کے لائحہ عمل کا اعلان کرنا چاہیے تھا۔ آلو کی برآمد کے لیے روس، ایران اور چین سے فوری طور پر رابطہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے چاول کے کاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے چاول کے کارخانوں کے قیام اور کوالٹی پروڈکٹ کی تیاری پر زور دیا۔ اجلاس عام میں پورے پاکستان سے امداد باہمی کی انجمنوں کے نمائندگان نے شرکت کی اور کاشتکاروں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے تجاویز دیں ۔
انہوں نے سالانہ اکاؤنٹس کی منظوری دی۔ اجلاس سے نائب صدر ہارون احسان پراچہ، سیکرٹری ظہیر قریشی ، نمائندگان ادیب بٹ، اکبر مغل اور عبدالجبار علوی نے بھی خطاب کیا۔