سموگ کی وجوہات ‘ قابو پانے کے بارے میں رپورٹ کی تقریب رونمائی
لاہور (نیوز رپورٹر) محکمہ زراعت پنجاب اور فوڈ ایگریکلچر آگنائزیشن(FAO) کے باہمی تعاون سے آج لاہور کے مقامی ہوٹل میں سموگ کا سبب بننے کی وجوہات اور اس پر قابو پانے بارے رپورٹ لانچنگ تقریب کا انعقاد ہوا جس میں ملک نعمان احمد لنگڑیال وزیر زراعت پنجاب نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب میں احسان بھٹہ اسپشل سیکرٹری زراعت،محمد رفیق اختر ڈائریکٹر نظامت زرعی اطلاعات پنجاب سمیت محکمہ زراعت پنجاب و ایف اے او(FAO) کے اعلیٰ عہداران نے شرکت کی۔ اس موقع پراحسان بھٹہ اسپشل سیکرٹری زراعت پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ رپورٹ اس اعتبار سے اہم ہے کہ اس میں جی آئی ایس ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے صوبہ میں سموگ کا سبب بننے کی بنیادی وجوہات بارے بتایا گیا ہے مثلاً اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب میں فضائی آلودگی کا سبب بننے میں ٹرانسپورٹ کے شعبے کا43 فیصد،صنعتی شعبے کا25 فیصد جب کہ فصلوں کی باقیات جلائے جانے کی وجہ سے زراعت کا20 فیصد کردار ہے۔محکمہ زراعت نے اسی لئے سموگ کے خاتمے کیلئے دھان و دیگر فصلوں کی باقیات کو جلانے پر امسال دفعہ- 144 کا نفاذ کروایا اور فصلوں کی باقیات کو جلائے جانے کی محکمہ زراعت کی فیلڈ ٹیموں نے صوبہ بھر میں مسلسل نگرانی اور رپورٹنگ کی جس کے باعث فصلوں کی باقیات کو جلائے جانے کے واقعات میں کمی ہوئی ۔
یہ رپورٹ ایک روڈ میپ ہے جس پر عمل پیرا ہوکرسموگ(فضائی آلودگی) سے مزید موثر طور پر نبرد آزما ہو سکتے ہیں۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے ایف اے او تنظیم کا اس رپورٹ کے مرتب کرنے اور محکمہ زراعت پنجاب سے تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ملک نعمان احمد لنگڑیال وزیر زراعت پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر سموگ کے خاتمے کیلئے حکومت پنجاب تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے۔سموگ کے خاتمے کیلئے محکمہ زراعت پنجاب نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے اور فصلوں کی باقیات کو جلائے جانے کے واقعات میں کمی واقع ہوئی ہے۔یہ رپورٹ حکومت پنجاب کی جاری اینٹی سموگ مہم کیلئے معاون ثابت ہوگی۔ ملک نعمان احمد لنگڑیال وزیر زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو بہتر ماحول فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانے کیلئے ہی وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ملک گیر درخت لگانے کی مہم چلائی جارہی ہے اور محکمہ زراعت پنجاب اس مہم کے تحت 10 لاکھ سے زائد پودے لگا چکا ہے ۔وزیر زراعت نے اس رپورٹ کیلئے ریسرچ اور اسے ترتیب دینے پر ایف اے او کے کردار کو سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مینا ڈولچی ایف اے او نمائندہ برائے پاکستان نے کہا کہ ہماری تنظیم کا مقصد مختلف ممالک کو سپورٹ فراہم کرنا ہوتا ہے تاکہ وہاں کی عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنایا جاسکے۔سموگ کے حوالے سے یہ رپورٹ پالیسی سازروں کیلئے اہم ہے کہ وہ اس کی روشنی میں فضائی آلودگی کے خاتمے کیلئے ایک جامع پالیسی مرتب کر سکتے ہیں