7شکستوں کا تاج سر پر سجائے قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی واپسی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی ویمنر ورلڈ کپ 2017ء میں ساتوں میچز ہارنے کے بعد پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم گزشتہ روز نجی پرواز کے ذریعے وطن واپس پہنچ گئی،کھلاڑیوں کے لئے ٹرانسپورٹ کا کوئی انتظام نہ ہونے کے باعث ایک کھلاڑی اپنے والد کے ساتھ موٹرسائیکل پرگھرروانہ ہوئی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم انگلینڈ میں کرکٹ ورلڈ کپ میں شرمناک شکست کے بعد فلائیٹ نمبرای کے624 کے ذریعے انگلینڈ سے براستہ دبئی لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچی۔ وطن واپس آنے والی کھلاڑیوں میں کائنات امتیاز،بسمہ معروف،ڈائنا بیگ،عائشہ ظفر،نہیدہ بی بی،اسماویہ کوچ سبیح اظہر سمیت دیگر کھلاڑی اور آفیشلز بھی شامل تھے تاہم کپتان ثنا میر نجی مصروفیات کی بنا پر واپس نہیں آسکیں۔لاہور ایئرپورٹ پر کھلاڑیوں نے میڈیا سے بات کرنے سے انکار کردیا جبکہ کھلاڑیوں کے استقبال کے لئے شائقین بھی ایئرپورٹ پر موجود نہ تھے۔خواتین کھلاڑیوں کے لئے ٹرانسپورٹ کا بھی کوئی انتظام نہیں کیا گیاتھا۔ ناشرا سندھو کو والد کے ساتھ موٹر سائیکل پرہی گھرجانا پڑا۔جبکہ دیگر خواتین کھلاڑی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گھروں کوروانہ ہوگئیں۔ ٹیم ایونٹ میں ایک بھی میچ نہ جیت سکی ۔پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر چیئرمین پی سی بی شہریار خان ناخوش ہیں جبکہ کرکٹ ورلڈ کپ کے تمام میچز میں ناکامی پر انہوں نے پہلے ہی رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شہریار خان ویمن کرکٹ ٹیم میں جلد تبدیلیوں کے حق میں ہیں جب کہ ٹیم کی کپتان ثنا میر بھی جلد اپنی ریٹائر منٹ کا اعلان کریں گی۔