لاہور چیمبر کا پاکستان سٹیل ملز کے سنگین بحران پر گہری تشویش کا اظہار

لاہور چیمبر کا پاکستان سٹیل ملز کے سنگین بحران پر گہری تشویش کا اظہار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے پاکستان سٹیل ملز کارپوریشن کے سنگین بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اس اہم قومی اثاثے کی بحالی کے لیے منصوبہ بندی کرے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ پاکستان اس اہم قومی اثاثے کی تباہی کا متحمل نہیں ہوسکتا کیونکہ یہ صرف ایک قومی ادارہ ہی نہیں بلکہ ملک کا اہم دفاعی اثاثہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک زمانے میں پاکستان سٹیل ملز کارپوریشن منافع بخش اور سٹیل مصنوعات و خام مال سپلائی کرنے والا بڑا ادارہ تھا لیکن عدم توجہی کی وجہ سے آج یہ تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے ۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ ملک کی دفاعی انڈسٹری کے حوالے سے بھی پاکستان سٹیل ملز کارپوریشن بہت اہمیت رکھتی ہے ، اس وقت اس ادارہ کی پیداواری صلاحیت نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے درآمد شدہ ہاٹ رولڈ، کولڈ رولڈاور گلیونائزڈ سٹیل وغیرہ پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے جس پر بھاری زرمبادلہ خرچ ہورہاہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ بہترین پالیسی کے ذریعے پاکستان سٹیل ملز کارپوریشن کے بحران پر باآسانی قابو پایا جاسکتا ہے لیکن یوں محسوس ہوتا ہے کہ کچھ عناصر حکومت کی ساکھ متاثر کرنے کے لیے جان بوجھ کر پاکستان سٹیل ملز کو تباہی کی جانب دھکیل رہے ہیں۔ عہدیداروں نے کہا کہ پاکستان سٹیل ملز کارپوریشن کو بحران سے نکالنے کے لیے اقدامات اٹھانے سے دیگر پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کی بحالی کی راہ ہموار ہوگی۔

مزید :

کامرس -