14برس پرانی دشمنی کا شاخسانہ ، گھات لگائے 8افراد نے بینک آفیسر کو قتل کر دیا ، ملزمان موت کی تصدیق کر کے اسلحہ لہراتے فرار

14برس پرانی دشمنی کا شاخسانہ ، گھات لگائے 8افراد نے بینک آفیسر کو قتل کر دیا ، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبرنگار) ہربنس پورہ کے علاقہ میں پرانی دشمنی پر گھات لگائے 8 افراد نے چار بچوں کے باپ بینک آ فیسر کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اعجاز عرف ججی کی اپنے رشتہ دار شفیق کے ساتھ14 برس سے دشمنی چلی آ رہی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ لکھو ڈیر کا رہائشی 4 بچوں کا باپ اعجاز بینک آف پنجاب میں بطور افسر کام کرتا تھا، رشتہ دار شفیق عرف جنگی گروپ کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ واہگہ بارڈر بم دھماکہ میں سہولت کاری پر وہ جیل میں سزا کاٹ رہا ہے۔ جنگی گروپ نے 14 سال قبل مقتول ججی کے بھائی عمران کو قتل کر دیا تھا، دشمنی نے زور پکڑا توشفیق کابرادر نسبتی ساجد قتل ہو گیا۔مقدمہ میں ججی کے بڑے بھائی سجاد جٹ کوعمر قید کی سزا سنا ئی گئی۔ دونوں گروپوں میں صلح کے لئے بات چیت چل رہی تھی۔ مقتول اعجاز عرف ججی گروپ نے 16 لاکھ روپے میں مصالحت کیلئے بات چیت چلائی۔ ججی کھارا پنڈ میں واقع اپنے سسرال سے نکلا، سکائی لینڈ کے قریب گھات لگائے 8 مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں اعجاز موقع پر ہلاک ہو گیا ملزمان نے اطمینان سے اس کی موت کی تصدیق کی اور اسلحہ لہراتے موٹر سائیکلوں پر فرار ہو گئے۔ اعجاز ججی کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کے مقتول رہنما بابر سہیل بٹ کاقریبی دوست تھا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما اسرارالحق بٹ اورمقتول کے رشتے دار اور عزیز و اقارب پہنچ گئے۔ مقتول کے کم سن بچے دھاڑیں مار کرروتے رہے۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لے کر مقتول کے بھائی عرفان احمد کے بیان پر جنگی گروپ کے حفیظ احمد، عمران وغیرہ 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ایس ایچ او ہربنس پورہ احسان اشرف بٹ اورسب انسپکٹر صغیر احمد کے مطابق دونوں گروپوں کا ایک ایک شخص قتل ہو چکا ہے۔ ملزم پارٹی نے دیرینہ دشمنی پر گھات لگا کراعجاز عرف ججی کو قتل کیا ہے۔ نعش کو پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ ڈی ایس پی باغبانپورہ قیصر مشتاق کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لئے پارٹیاں چھاپے مار رہی ہیں ، جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

مزید :

علاقائی -