کیمیائی ہتھیاروں سے کشمیریوں کا جہادروکا نہیں جا سکتا : دفاع پاکستان کونسل
ؒ ٓلاہور(آئی این پی)دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی قائدین نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کشمیر میں مساجد کی بے حرمتی کا ارتکاب اور لوگوں کو نمازوں کی ادائیگی سے روک رہی ہے۔کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے کشمیریوں کو جدوجہد آزادی سے پیچھے ہٹاناممکن نہیں۔کل 19جولائی کو لاہور میں بڑی شہداء کشمیر کانفرنس ہو گی۔ قومی مذہبی، سیاسی و کشمیری قیادت کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔شہداء کشمیر کانفرنس میں لاہور اور گردونواح سے ہزاروں افراد شریک ہوں گے۔ سال 2017ء کشمیر کے نام کرنے پر حافظ محمد سعید و دیگر رہنماؤں کو نظربند کیا گیا۔ملک گیر سطح پر جلسوں و کانفرنسوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا ۔ دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، سردار عتیق احمد خاں، لیاقت بلوچ، اجمل خان وزیر،پیر سید ہارون علی گیلانی،مولانا فضل الرحمن خلیل، علامہ ابتسام الہی ظہیر، مولانا امیر حمزہ، قاری محمد یعقوب شیخ، حافظ عبدالغفارروپڑی اور سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاکہ کشمیر میں بدترین ظلم وستم اور کشمیریوں کے بھرپور احتجاج کی وجہ سے تحریک ایک نیارخ اختیار کر چکی ہے۔ بھارتی فوج نہتے مظاہرین پر پیلٹ گن کے چھرے برسا رہی ہے۔ کشمیریوں کو شہید کرنے کیلئے گھروں کو بارود سے اڑیا جارہا ہے اورکیمیائی ہتھیار استعمال کئے جارہے ہیں لیکن اس سب کے باوجود کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرانے کے واقعات میں اور زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ کشمیری اپنے شہدا ء کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر دفن کر رہے ہیں۔ مظلوم کشمیری قربانیاں پیش کر کے اپنا حق ادا کر رہے ہیں۔ ضرورت اس امرکی ہے کہ پاکستان بھی کشمیریوں کے اصل وکیل ہونے کا کردار ادا کرے اور مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا ہر ممکن ساتھ دیا جائے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر میں پوری حریت قیادت کو نظربند اور جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے۔ انہیں مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت نہیں دی جارہی اور ان کی سیاسی سرگرمیوں پر مسلسل پابندی عائد ہے۔ نظربندکشمیری لیڈروں کوکسی سے ملنے کی اجازت نہیں ہے۔ ایک طرف مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق ، محمد یٰسین ملک اور شبیر شاہ جیسے لیڈروں کو نظربندیوں کا سامنا ہے تو دوسری جانب پاکستان میں محض بھارتی دباؤ پر حافظ محمد سعید و دیگر رہنماؤں کو پچھلے پانچ ماہ سے زائد عرصہ سے نظربند رکھا گیا ہے۔کشمیریوں کے حق میں اٹھنے والی ہر آوا ز کو بیرونی دباؤ پر خاموش کرنے کی روش درست نہیں ہے۔دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی قائدین نے کہاکہ کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔پاکستانی حکمران شہداء کی قربانیاں فراموش نہ کریں۔ مظلوم کشمیریوں کی ہر ممکن مددوحمایت کی جائے۔بھارتی فوج کشمیر میں آئے دن پر امن کشمیریوں کیخلاف کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کر ر ہی ہے لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ مودی سرکار کی اس بدترین دہشت گردی پر بھی دنیا کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی اور اقوام متحدہ، سلامتی کونسل جیسے اداروں نے بھی مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔دفاع پاکستان کونسل کشمیری مسلمانوں کی ہرممکن مددوحمایت کرے گی اور انہیں کسی صورت بھارت سرکار کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے شروع سے ہی کشمیر کے مسئلہ پر پر تشدد رویہ اختیار کیا اور کشمیر کی تحریک آزادی کو کچلنے کا پروگرام بنایا۔اب آزادی کی تحریک منظم ہو چکی ہے اور لوگ قربانیاں دے رہے ہیں۔کشمیر میں جتنا تشدد بڑھے گا تحریک آزادی اتنی ہی تیز ہو گی اور بالآخر انڈیا کو آزادی دینا پڑے گی اور کشمیری آزادی حاصل کر کے رہیں گے۔
دفاع پاکستان کونسل