محکمہ صحت کے افسران اور اہلکار کارکردگی بہتربنانے پر توجہ دیں،علی جان
لاہور(پ ر)سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ پنجاب علی جان خان نے ہدایت کی ہے کہ محکمہ کے افسران واہلکاران اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے پر توجہ دیں اور دفاتر میں آنے والوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں تاکہ انہیں اپنے کام کے سلسلہ میں بار بار دفتر نہ آنا پڑے۔علی جان خان نے ہدایت کی کہ محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کے تمام دفاتر میں نظم و نسق کی پابندی کی جائے اور صفائی کا بھی خیال رکھا جائے۔انہوں نے یہ ہدایات آج اپنے دفتر میں محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر فیصل ظہور،تمام ایڈیشنل سیکرٹریز، ڈپٹی سیکرٹریز اور ورٹیکل ہیلتھ پروگرام کے ڈائریکٹرز اور شعبہ آئی ٹی کے افسران نے شرکت کی۔ سیکرٹری صحت نے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور سکیموں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے لئے پی سی ون کی تیاری میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ علی جان خان نے نرسنگ شعبہ کے افسران کو خصوصی ہدایت کی کہ نرسنگ کے مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے اور اپنے مسائل کے لئے آنے والی نرسز کوبار بار دفتر کے چکر نہ لگانا پڑیں۔ انہوں نے ورٹیکل ہیلتھ پروگراموں کی کامیابی کے لئے موثر حکمت عملی پر عمل کرتے ہوئے ٹھوس اقدامات پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ پروگراموں کی کامیابی کے لئے موثر مانیٹرنگ اور تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن ضروری ہے۔