وقت آنے پر حقائق سب کے سامنے آ جائیں گے،پرویز ملک
لاہور(جنرل رپورٹر) مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدر ورکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک وجنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیرنے کہا ہے کہ عمران خان کس کا ایجنٹ ہے اوریہ کون ہے؟ ڈھکی چھپی نہیں مرحوم حکیم سعید کی کتاب’’جاپان کی کہانی‘‘ کا صفحہ نمبر 13, 14 اور15پڑھ لیا جائے معلوم ہو جائے گا، جے آئی ٹی رپورٹ کوئی آسمانی صحیفہ نہیں ہے، وقت آنے پر حقائق سب کے سامنے آ جائیں گے۔
،مخالفین کے پاس مفروضوں کے علاوہ کچھ نہیں جے آئی ٹی رپورٹ پر ہی کیوں احصار کررہے ہیں مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوام کی ترقی اورخوشحالی کی سیاست ہے جبکہ دوسری طرف منفی سیاست کرنے والے ملک کو پیچھے دھکیلنا چاہتے ہیں اور یہ عناصر ملک سے انتہاپسندی، غربت، بے روزگاری اور اندھیروں کا خاتمہ نہیں چاہتے‘ سیاست میں ہمیشہ مصنوعی سہارے ڈھونڈنے والے دھرنا گروپ کے سربراہ کو عوام ہر محاذ پر مسترد کرچکے ہیں‘ عوام کی خدمت ان لوگوں کے بس کا کام نہیں جن کی سیاست صرف جھوٹ اورالزام تراشی کے گرد گھومتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور میں مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رمضان صدیق بھٹی، چوہدری شہباز، غزالی سلیم بٹ، ڈپٹی میئر حاجی اللہ رکھا،مشتاق مغل،میاں طارق، سید توصیف شاہ،اظہر فاروقی،عامر خان،رانا احسن شرافت، چوہدری عبدالمجید چن نمبر دار،جاوید اقبال سمیت دیگر بھی موجود تھے،انہوں نے مزید کہا کہ نام نہادسیاسی عناصر اپنے غیر جمہوری طرز عمل کے ذریعے قوم کو یرغمال نہیں بناسکتے‘ الزام تراشی کے ماہر ایک سیاستدان نے جھوٹ بولنے کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں اور یہ ناعاقبت اندیش عناصر صرف سیاست برائے اقتدار کیلئے ملک وقوم کی تقدیر کو داؤپر لگادیا‘ ملک میں محاذ آرائی، افراتفری اور بے چینی پھیلانے کے ذمہ د اروں کو قوم اور تاریخ کبھی معاف نہیں کریگی۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کی قسمت بدلنے اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا وزیراعظم نوازشریف نے گزشتہ چار برس میں عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اورپاکستان کو اندھیروں سے نکال کرترقی و خوشحالی کے سفر پر گامزن کیا ہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ترقی اورخوشحالی کی منزل حاصل کریں گے اور عوامی خدمت کا سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔