رن وے سے اڑان بھرتے ہی طیارہ سمندر میں جا گرا، ہلاکتیں

رن وے سے اڑان بھرتے ہی طیارہ سمندر میں جا گرا، ہلاکتیں
رن وے سے اڑان بھرتے ہی طیارہ سمندر میں جا گرا، ہلاکتیں
سورس: WIkimedia Commons

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 ٹیگوسی گالپا (ڈیلی پاکستان آن لائن) وسطی امریکہ کے ملک ہنڈوراس کے ساحلی علاقے میں  ایک چھوٹا طیارہ ٹیک آف کے دوران سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد ہلاک ہو گئے۔

خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب لینسہ ایئر لائنز کا یہ طیارہ رات کے وقت ہنڈوراس کے مشہور سیاحتی مقام رواتان سے اڑان بھر رہا تھا اور ملک کے مرکزی علاقے میں واقع بندرگاہی شہر لا سیبا جا رہا تھا۔ ہنڈوراس سول ایوی ایشن کے اہلکار کارلوس پادیلا کے مطابق طیارہ رن وے سے پرواز کے فوراً بعد دائیں جانب تیزی سے مڑا اور پانی میں جا گرا۔ ایک مقامی ماہی گیر  اس وقت مچھلیاں پکڑ رہا تھا۔ اس  نے ٹی وی چینل ایچ سی ایچ کو بتایا کہ طیارہ تقریباً ان کے اوپر ہی گرنے والا تھا۔

ہنڈوراس کے فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق حادثے میں 12 افراد ہلاک  ہوگئے، جبکہ پانچ مسافروں کو زندہ بچا لیا گیا اور ایک شخص تاحال لاپتہ ہے۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں معروف ہنڈوران موسیقار اور گاریفونا موسیقی کے ممتاز فنکار اوریلیو مارٹینیز بھی شامل ہیں۔فائر ڈیپارٹمنٹ کے میجر ولمر گیریرو نے بتایا کہ زخمیوں میں ایک 40 سالہ فرانسیسی شہری بھی شامل ہے، جسے مزید طبی امداد کے لیے سان پیدرو سولا شہر کے ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق طیارے میں 15 مسافر سوار تھے، جبکہ عملے کے تین افراد، دو پائلٹ اور ایک فلائٹ اٹینڈنٹ بھی طیارے میں موجود تھے۔ حادثہ ساحل سے تقریباً ایک کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق برطانوی ساختہ جیٹ سٹریم 41 ماڈل کے اس طیارے کو "بظاہر تکنیکی خرابی" کا سامنا تھا، جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔