ٹرمپ کے صدر بنتے ہی سان فرانسسکو پرائیڈ کو مالی دھچکا، بڑی کمپنیوں نے سپانسرشپ واپس لے لی

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) سان فرانسسکو پرائیڈ (ایس ایف پرائڈ) کے منتظمین نے مالی مشکلات کے خدشات ظاہر کیے ہیں کیونکہ کئی بڑی کمپنیوں نے اس سال کے ایونٹ کے لیے اپنی فنڈنگ واپس لے لی ہے۔ ایس ایف پرائیڈ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سوزین فورڈ نے کہا کہ تقریب اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق منعقد ہوگی لیکن منتظمین کو کم بجٹ میں گزارا کرنا پڑے گا۔ فورڈ نے شبہ ظاہر کیا کہ یہ فیصلہ کاروباری اداروں کی جانب سے تنوع، مساوات اور شمولیت (ڈی ای آئی) پالیسیوں سے دوری کے رجحان کا حصہ ہے جو کہ ٹرمپ انتظامیہ کے تحت بڑھ رہا ہے۔
فورڈ نے مقامی فوکس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا "مجھے بہت تشویش ہے۔ ظاہر ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے دباؤ ہے۔ ملک میں عمومی رویہ بدل چکا ہے۔ کاروبار ہمیشہ اپنے فائدے کو مدنظر رکھتے ہیں، اور جو کمپنیاں ڈی ای آئی کو اپنی بنیادی قدر نہیں سمجھتیں، وہ شاید اپنی سرمایہ کاری پر نظرثانی کر رہی ہیں۔"
ایس ایف پرائیڈ ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جو سان فرانسسکو میں ہر سال دو روزہ پریڈ اور فیسٹیول کا انعقاد کرتی ہے۔ اس سال یہ ایونٹ 28 اور 29 جون کو ہوگا، جس کا تھیم "Queer Joy is Resistance" رکھا گیا ہے۔ تنظیم کے مطابق یہ دنیا کے سب سے بڑے ایل جی بی ٹی کیو پلس جشن میں سے ایک ہے، جس میں ہر سال 10 لاکھ سے زائد افراد شرکت کرتے ہیں۔
فورڈ نے انکشاف کیا کہ پانچ بڑی کارپوریشنز نے اپنی سپانسرشپ واپس لے لی ہے جس کی وجہ سے تقریباً تین لاکھ ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے فوکس نیوز ڈیجیٹل کو بتایا، "ہمارا کل بجٹ ہدف 2.3 ملین ڈالر ہے، اور اگرچہ ہمیں تقریباً ایک ملین ڈالر کی یقین دہانی ہو چکی ہے، لیکن ہمیں اب بھی 1.3 ملین ڈالر مزید اکٹھے کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم اس فنڈ کو جمع کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور اپنے کمیونٹی اور پارٹنرز کی مسلسل حمایت کے شکرگزار ہیں۔"
جو کمپنیاں اسپانسرشپ سے پیچھے ہٹی ہیں ان میں بینفٹ کاسمیٹکس، کامکاسٹ، انہیزر-بش، شراب ساز کمپنی ڈیاگیو، اور وائن برانڈ لا کریما شامل ہیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈی ای آئی پر سخت موقف اپناتے ہوئے ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کیے ہیں، جن کے تحت وفاقی ملازمتوں، سرکاری معاہدوں اور اخراجات میں ان پالیسیوں کو ختم کر دیا گیا ہے۔ بڑی کارپوریشنز جیسے فیس بک، میکڈونلڈز، والمارٹ اور ہارلی ڈیوڈسن نے یا تو اپنی ڈی ای آئی کوششوں میں کمی کر دی ہے یا مکمل طور پر انہیں ترک کر دیا ہے۔