سموگ سے زیادہ پی ٹی آئی خطرناک ہے، فیصلہ کرلیں علیمہ باجی نے سیاست کرنی ہے یا بشریٰ بی بی نے: عظمٰی بخاری

Nov 18, 2024 | 10:16 PM

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والوں کو دوسروں کے بچے استعمال کرنے کی بجائے اپنی فیملیز سمیت احتجاج کے لیے باہر  نکلنا چاہیے۔ الجہاد الجہاد کا نعرہ لگانے والے پہلے قاسم، سلیمان اور ٹیریان سے جہاد کو لیڈ کروائیں۔ جو ریاست کے خلاف اٹھ کھڑا ہونے کو جہاد کہتے ہیں ان کے خلاف خارجیوں جیسا ہی سلوک ہوگا۔ سموگ سے زیادہ پی ٹی آئی خطرناک ہے، سموگ صحت کو خراب کرتی ہے جبکہ پی ٹی آئی پاکستان کی معیشت کے لیے زہر قاتل ہے۔  ہمارے ملک میں چٹ پٹی خبر بنانے کے لئے کسی بھی حد تک جانا جائز سمجھا جاتا ہے۔ وہ بات جس کا پورے افسانے میں ذکر نہیں ہوتا اسے خبر بنا دیا جاتا ہے۔ذرائع کو بنیاد بنا کر ایسی ایسی خبریں گھڑ دی جاتی ہیں کہ بندہ دنگ رہ جاتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ڈائیلسز کے مریضوں کے لیے ڈائیلسز کارڈ کا اجراء کر رہی ہے۔ ڈائیلسز کے مریضوں کو 10 لاکھ تک ڈائیلسز کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ڈائیلسز کارڈ کے ذریعے مریض ٹیسٹ بھی کروا سکیں گے۔ پنجاب میں 25 سے 30 فیصد مریض دوسرے صوبوں سے بھی علاج کروانے آتے ہیں، یہ سہولت ان مریضوں کے لئے بھی ہو گی۔اب کسی بھی ڈائیلسز مریض کو انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ صحت کارڈ میں بھی کچھ تبدیلیاں کرکے کے جلد لانچ کیا جائے گا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بڑی مشکل سے پاؤں پر کھڑی ہوئی ہے۔ معیشت کے حوالے سے خبروں میں سیاست ڈال دینا افسوس ناک  بات ہے۔ پاکستانی معیشت کے حوالے سے اچھی خبریں آنا شروع ہوئی ہیں۔ سٹاک ایکسچینج ریکارڈ بنا رہی ہے، مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے، تمام انڈسٹری اپنے پاؤں پر کھڑی ہونا شروع ہوئی ہے۔  انگلش اخبار کی خبربے سروپا تھی جس میں160 ارب روپے کا خسارہ دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔ یو اے ای میں بھی پنجاب حکومت نے کوئی سرمایہ کاری نہیں کی۔ جس صحافی نے بھی حقائق کے بر عکس خبر چھاپی ہے اس کو لیگل نوٹس جاری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جو اس مالیاتی سال کے آخر تک 630 سے 680 ارب روپے کا سر پلس بجٹ دیگا۔ آئی ایم ایف نے اپنے اجلاس میں مانا ہے کہ پنجاب بجٹ خسارے کا شکار نہیں ہے۔ صوبہ پنجاب 40 ارب روپے کا سرپلس پہلی سہ ماہی میں دے چکا ہے۔ آفیشل ڈاکومنٹ وفاقی وزارت خزانہ کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ جو خاتون خود کو غیر سیاسی کہتی تھی وہ اب بانی پی ٹی آئی  کے پیغامات جماعت کو پہنچا رہی ہے۔ خود کو غیر سیاسی کہنے والی آرمی چیف کی تقرری میں ہیرا مانگتی رہیں۔ بشریٰ بی بی  کے پاس کون سا اختیار ہے کہ وہ لوگوں کو پارٹی سے نکال دیں گی؟ یہ خاتون پردوں کے پیچھے چھپ کر کیوں سیاست کررہی ہے فیصلہ کرلیں علیمہ باجی نے سیاست کرنی ہے یا بشریٰ بی بی نے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب غیر قانونی صوبہ نہیں، ہم نے پہلے بھی رٹ قائم کی دوبارہ بھی رٹ قائم کرنا جانتے ہیں۔ سوالات کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ایم پی ایز نے پشاور کے دربار عالیہ میں حاضری دی ہے، یہ لوگ ہمیں باتیں کرتے تھے،مکافات عمل کی شکل میں یہ ان کے چہرے پر زور دار تھپڑ مارا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلٰی نے 9ماہ کی حکومت میں کوئی چھٹی نہیں کی، اگر علاج کیلیے ایک ہفتہ کی چھٹی پر گئیں تو خواہ مخواہ بات کا بتنگڑ بنا دیا گیا۔ اگر مریم نواز لندن نہ جاتی توکیا سموگ کم ہو جاتی؟ امریکہ میں کیپیٹل ہل پر دھاوا بولنے والوں کو 14سال کی سزا دی گئی،  ہمارے ملک میں فساد گروپ نے مجسمے گرا دئیے اووہ کہتے ہیں کہ یہ معصوم ہیں ان کو چھوڑ دیا جائے۔ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا معاملہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے جس پر امریکہ نے وضاحت دیدی ہے۔

مزیدخبریں