عوام ضمنی انتخاب میں ووٹ کیلئے گھروں سے نکلیں ،خرم شیر زمان
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ عوام کو اس اتوار کو ضمنی انتخابات میں گھروں سے نکلنا ہے اور حلقہ این اے 247 اور پی ایس 111 میں تحریک انصاف کے امیدواروں پر اعتماد کرنا اور انہیں کامیاب بنانا ہے۔ انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضمنی انتخابات میں لوگوں کا گھروں سے نکلنا اور ووٹ دینا اتنا ہی اہم ہے جتنا عام انتخابات کے لیے ضروری تھا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصا ف کراچی کی سچی آواز ہے اور شہر کے مسائل کو اجاگر کرنے میں تحریک انصاف کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں این ا ے 247 اور پی ایس 111 کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ تحریک انصاف پر ایک بار پھر اعتماد کریں۔ تحریک انصاف کے امیدواروں اس اتوار کواسی طرح ووٹ دیں جیسے این اے 243 میں بڑی تعداد میں ووٹ دے کر کامیاب کروایا تھا۔ پی ٹی آئی کراچی کے صدر نے این اے 247 کے نامزد امیدوار آفتاب صدیقی اور پی ایس 111کے نامزد امیدوار شہزاد قریشی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کراچی اور اپنے متعلقہ حلقوں کی ٹھوس اور بہترین نمائندگی کریں گے۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ پی ٹی آئی واحد سیاسی پارٹی ہے جس نے کراچی کے لیے ایک الگ پلان دیا۔ کراچی پیکیج کا اعلان عام انتخابات 2018ء کی الیکشن مہم کے دوران کیا گیا تھا۔ اس سے ظاہرہوتا ہے کہ تحریک انصاف کراچی جیسے بڑے شہر کے مسائل پر گہری نظر رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی وزیرا عظم عمران خان اور وفاقی حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ بہتر کراچی کے لیے ہمیں حلقہ این اے 247 اور پی ایس 111کے ووٹرز کی مدد چاہئے تاکہ ہم ان حلقوں کے عوام اور کراچی کی خدمت بہتر طور پر کرسکیں۔