قومی اسمبلی کابیگم کلثوم نواز کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

قومی اسمبلی کابیگم کلثوم نواز کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی نے سابق خاتون اول اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دیدی۔ منگل کو متحدہ مجلس عمل کی رکن قومی اسمبلی شاہدہ اختر علی نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کائنات آب و گل کایہ دستور رہا ہے کہ سب کو ایک دن اپنے خالق حقیقی کے پاس جانا ہے ٗمادر جمہوریت بیگم کلثوم نواز جن مشکل حالات سے گزریں اور جس طرح کی انہوں نے جدوجہد کی وہ لائق تحسین ہیں، آخری وقت تک ان کا وقار اور تمکنت برقرار رہا۔ انہوں نے مشکل حالات میں اپنے خاندان کا حوصلہ بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر کی تاریخ میں سیاست میں خواتین کا کردار رہا ہے ٗبیگم کلثوم نواز کی طرف سے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی خدمات بھی لائق تحسین ہیں۔ خواتین کے کردار کے باوجود یہ بھی حقیقت ہے کہ سیاسی میدان میں جتنی بھی خواتین آئیں، انہوں نے مشکل حالات کا سامنا کیا۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان بیگم کلثوم نواز شریف کی رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہے اور جمہوریت کیلئے ان کی خدمات کا خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ یہ ایوان آمریت کے دوران جمہوریت کی جدوجہد کیلئے ان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ یہ ایوان مرحومہ کو جنت الفردوس میں بلند مقام اور خاندان کو حوصلہ اور صبر جمیل عطا کرنے کی دعا کرتا ہے۔بعد ازاں قومی اسمبلی کا اجلاس پیر 24 ستمبر کی شام ساڑھے 4 بجے تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔
بیگم کلثوم نواز

مزید :

علاقائی -