کرپٹ عناصر سے لوٹی گئی رقم وصول کرکے انہیں کٹہرے میں لانے کیلئے پر عزم ہیں ، چیئرمین نیب
اسلام آباد (صباح نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم وصول کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے پرعزم ہے، بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ نے پاکستان کی آئین ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے بدعنوانی کو بڑی لعنت قرار دیا تھا جو کہ اصل میں ایک زہر ہے، ہمیں اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب پاکستان کو بدعنوانی سے پاک کرنے کیلئے پرعزم ہے، نیب نے مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کیلئے شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائری اور انویسٹی گیشن کا جامع آپریشنل طریقہ کار وضع کیا ہے، نیب افسران ٹھوس شواہد کی بنیاد پر قانون کے مطابق بدعنوان عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب کوئی بھی شخص نیب کی تحقیقات پر اثر انداز نہیں ہو سکتا کیونکہ نیب نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا ہے جس میں دو انوسٹی گیشن افسران اور ایک لیگل کنسلٹنٹ شفاف اور غیر متعصبانہ بنیادوں پر مل کر انکوائری اور انوسٹی گیشن نمٹاتے ہیں۔