مردان میں ریسکیو 1122 کا محرم الحرام میں سیکورٹی کیلئے جائزہ اجلاس
مردان(بیورورپورٹ) ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 ڈاکٹر خطیر احمد کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کمال شاہ نے یوم عاشور 10 محرم الحرام کو ضلع بھر میں ریسکیو1122 کی حتمی تیاریوں کا جائزہ اجلاس طلب کیا، کمال شاہ نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے ریسکیو1122نے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ ریسکیو1122 کے میڈیکل ٹیکنشنز، ایمبولینسز اور فائر وہیکلز ماتمی جلوس کے ہمراہ موجود رہیں گی جو کہ عزاداروں کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کریں گی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کمال شاہ نے بتایا کہ ریسکیو1122فرسٹ ریسپانڈر کے طور پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ہمراہ مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرے گی، یوم عاشورہ 10محرم الحرام کو مرکزی امام بارگاہ سے برآمد ہونے والے جلوس میں موجود عزاداروں کو بر وقت طبی امداد فراہم کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورت حال کے پیش نظر بر وقت کاروائی کے لئے ریسکیو1122 کی ٹیمیں موقع پر موجود رہیں گی۔