یو ای ٹی میں سال آخر کے طلباء کے اعزاز میں تقریب،وی سی کی خصوصی شرکت

یو ای ٹی میں سال آخر کے طلباء کے اعزاز میں تقریب،وی سی کی خصوصی شرکت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں سالِ آخر کے طلباء کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یو ای ٹی ایک ایسی درسگاہ ہے جس کو شفاف میرٹ پالیسی،جدید تدریسی مہارتوں اور مستند انفراسٹرکچر کی بدولت نا صرف ملکی بلکہ غیر ملکی طلباء بھی انجینئرنگ کی اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے دیگر اداروں پر ترجیح دیتے ہیں۔یو ای ٹی بلاامتیاز تمام طلباء کو ہر حوالے سے تعلیم، تدریس،تحقیق اور ملازمت کی سہولت فراہم کرنے کا تسلسل جاری رکھے ہے اور یہ ادارے کا فرض بنتا ہے کہ ملکی و غیرملکی طلباء تعلیم و دیگر سہولیات سے وابستہ ہر ممکن امید اور توقع کو پورا کیا جائے جسکی خاطر یو ای ٹی کو منتخب کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے گذشتہ ساڑھے تین سال میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔یونیورسٹی کی رینکنگ، جدید سامان سے آراستہ لیبز ،جدیدانفراسٹرکچر کے شعبہ جات اورنئے ڈگری پروگرامز کا انعقاد ہماری اولین ترجیح رہا ہے۔یہ یو ای ٹی کا ہی طرہ امتیاز ہے کہ اس کے 10سے زائد پروگرام آؤٹ کم بیسڈ ایجوکیشن سسٹم کے تحت منظور شدہ ہیں ۔

OBEکا نفاذ اساتذہ اور انتظامیہ کی کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔یونیورسٹی نے ریسرچ کے میدان میں بھی غیر معمولی ترقی حاصل کی ہے۔جامعہ پاکستان کی ترقی میں معیاری انجینئرز تیار کر کے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔آخر میں انہوں نے طلباء سے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام قسم کی مثبت نصابی وغیر نصابی سر گرمیوں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں اور نہ صرف یوای ٹی بلکہ اپنے والدین اور ملک کا نام روشن کرنے کا با عث بنیں ۔