سانحہ ماڈل ٹاؤن ، ذمہ داران کو سزا دینے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

سانحہ ماڈل ٹاؤن ، ذمہ داران کو سزا دینے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

لاہور( لیڈی رپورٹر) سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داران کو قانون کے مطابق سزا دینے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی ۔ تحریک انصاف کی خاتون رکن صوبائی اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پاکستان کی تاریخ کا ایک اندوہناک واقعہ ہے جس میں 14 بیگناہ شہریوں کو بیدردی سے شہید کیا گیا لیکن سابق حکومت کے دور میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء اور انصاف پسند عوامی حلقے مکمل انصاف کے منتظر رہے، مجرم آزاد گھومتے رہے،جسٹس باقی نجفی کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے باوجود جرم کرنے والے قانون کی گرفت میں نہیں آئے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ورثا کو حقیقی انصاف فراہم کیا جائے، وقوعہ میں ملوث تمام ملزمان کو جلد از جلد گرفتارکیا جائے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملزمان کو عدالتوں میں پیش کیا جائے اور قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1