کے پی طرز پر پنجاب میں بھی بلین ٹری منصوبہ شروع کیا جائے گا ، محمد سبطین خان

کے پی طرز پر پنجاب میں بھی بلین ٹری منصوبہ شروع کیا جائے گا ، محمد سبطین خان

لاہور( لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر جنگلات وائلڈ لائف،ماہی پروری محمد سبطین خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔صوبائی وزیر کی خصوصی دعوت پر سیکرٹری جنگلات خیبرپختونخوا نذر حسین شاہ نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری اور دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں بلین ٹری منصوبہ نذر حسین شاہ کی انتھک کوششوں اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی وجہ سے کامیاب ہوا۔خیبرپختونخوا بلین ٹری منصوبہ ہمارے لئے رول ماڈل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرز پر پنجاب میں بھی منصوبہ شروع کیا جائے اور نذرحسین شاہ کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔صوبائی وزیر نے محکمہ جنگلات کے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ نذر حسین شاہ سے رابط رکھیں اور ان کے مفید مشوروں پر عملدرآمد کریں۔وزیراعظم کے ویژن کے مطابق بہت جلد اربن فاریسٹری پر بھی کام شروع کررہے ہیں اور ڈویژنل سطح پر فاریسٹری کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔صوبائی وزیر نے محکمہ وائلڈ لائف سے لاہور چڑیاگھر کی تزئین آرائش کے حوالے سے بھی تجاویز مانگی ہیں۔صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ تمام افسران وملازمین پوری ایمانداری کے ساتھ اپنے پیشہ وارانہ امور سرانجام دیں ۔انہوں نے کہا کہ فرائض کی انجام دہی میں کسی بھی قسم کی غفلت اور لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1