پیپرز کی مبینہ طور پرغیر متعلقہ افراد سے چیکنگ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج
لاہور (نامہ نگارخصوصی)لاہور تعلیمی بورڈ میں سالانہ امتحان کے پیپرز کی مبینہ طور پرغیر متعلقہ افراد سے چیکنگ کولاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیاہے۔ جسٹس فرخ عرفان خان نے اس سلسلے میں دائرطالب علم زین خالد کی درخواست پر لاہور تعلیمی بورڈ سے 28 ستمبر تک جواب طلب کر لیا ہے،درخواست گزار کے مطابق اس نے نویں جماعت کا امتحان 409 نمبر لے کر پاس کیا،سائنس مضامین میں کم نمبر آنے پر ری چیکنگ کی درخواست دی، پتہ چلا کہ سائنس مضامین سبجیکٹ سپیشلسٹ سے چیک نہیں کرائے گئے، بعض جوابات پر نمبر دینے کی بجائے سوالیہ نشان لگائے گئے تھے، عدالت بورڈ حکام کو سبجیکٹ سپیشلسٹ سے پیپرز چیک کرانے کا حکم دے۔