ایئرفورس میں خواتین کی کارکردگی شاندار ہے، عباس خٹک
کراچی (خصوصی رپورٹ) پاکستان ائیر فورس کی ملکی دفاع میں اعلیٰ خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ایئر یونیورسٹی کے زیراہتمام فضائیہ ڈے کی پروقار تقریب منعقد کی گئی، تقریب کے مہمان خصوصی ایئر چیف مارشل (ر)محمد عباس خٹک تھے، انہوں نے طلبا ء و طالبات سے 1965 ء کی پاک بھارت جنگ پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ جنگ تباہ کاریاں کا باعث بنتی ہے، مہمان خصوصی نے طلباء طالبات سے جنگ کے دوران پیش آنے والے اپنے تجربات پر بھی تبادلہ خیال کیا، سابق ایئر چیف کا کہنا تھاکہ ایئر فورس میں خواتین کی کارکردگی نہایت شاندار ہے، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں تبصرہ کیا کہ مستقبل قریب میں کوئی خاتون ایئر فورس کی سربراہ تعنیات ہوسکتی ہیں۔اس موقع پر وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی ایئر وائس مارشل (ر)فائز امیرنے اپنے خطاب میں کہا کہ نئی نسل کو دفاع وطن کیلئے قربانیوں سے آگاہی حاصل کرنی چاہیے، انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہداء کو فراموش نہیں کرتیں۔فضائیہ ڈے کی تقریب میں ایئر یونیورسٹی کے طلباء و طالبات نے ملی نغمہ بھی پیش کیا،ایئر فورس کے خصوصی بینڈ نے ملی نغموں پر دھنیں بکھیریں، اس موقع پر طلباء و طالبات کا جوش و خروش دیدنی تھا۔