بجلی کے غیر قانونی نیٹ ورک خطرے کا باعث ہیں، کے الیکٹرک

بجلی کے غیر قانونی نیٹ ورک خطرے کا باعث ہیں، کے الیکٹرک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک شہر بھرمیں بجلی چوری کا خاتمہ کرنے کیلئے پر عزم ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں ،بجلی چوری کیخلاف مہم کے دوران ادارے نے گلستان جوہرکے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر غیر قانونی نیٹ ورکس کا خاتمہ کر دیا اور سینکڑوں کلوگرام تار ضبط کر لیا۔اس مہم کے دوران گلستان جوہر بلاک 16 میں موجود ایک شادی لان سمیت دو رہائشی عمارتوں کے غیر قانونی کنکشنز ہٹادیئے گئے جو مقامی کنڈا مافیا کی مدد سے بجلی چوری کر رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر، بلاک 16 میں ایک شادی لان پر چھاپہ مارا گیا جہاں صارف تین فیز کی سپلائی براہ راست استعمال کر تے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔چھاپے کے دوران کے الیکٹرک کی ٹیم کوشادی لان کی انتظامیہ اور متعلقہ صارف کی طرف سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تاہم کے الیکٹرک کی ٹیم نے نوٹس جاری کرتے ہوئے سپلائی منقطع کردی ۔کے الیکٹرک کی ٹیموں نے رشیدی گوٹھ میں بھی ایک مقام پر چھاپہ مارا۔ یہاں بھی کے الیکٹرک کی ٹیموں کو مقامی کنڈا مافیا کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔تمام تر رکاوٹوں کے باوجود کے الیکٹرک کی ٹیم نے بجلی کی سپلائی منقطع کر دی اور صارف کو حتمی نوٹس جاری کر دیا۔ صارف اس سے پہلے بھی بلوں کی ادائیگی میں ناکام رہا تھا اورکے الیکٹرک کی بجائے کنڈا مافیا کو بل اداکر رہا تھا۔ کے الیکٹرک کی ٹیموں نے گزشتہ ایک ماہ میں گڈاپ کے علاقے سے 1200کلوگرام سے زائد کنڈا کنکشنز ضبط کیے تھے ۔گڈاپ ہی کے مختلف علاقوں میں، ایک بیکری سمیت دو فیکٹریوں پر بھی چھاپے مارے گئے جو غیر قانونی کنڈا کنکشن استعمال کر رہے تھے۔ کے الیکٹرک کی ٹیموں نے فوری طور پر ان کی سپلائی منقطع کر کے غیر قانونی تاریں ضبط کر لیں۔ ایک فیکٹری کے خلاف 11لاکھ روپے سے زیادہ کے واجبات ہیں۔ اس فیکٹری کا کنکشن پہلے بھی منقطع کیا جا چکا تھا لیکن فیکٹری مالکان واجبات کی ادائیگی کی بجائے غیر قانونی طریقوں سے بجلی استعمال کر رہے تھے۔ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ادارہ شہر کے چند علاقوں میں کام کرنے والی کنڈا مافیا کیخلاف مسلسل آواز بلند کررہا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ ،’’ ہم تمام شہریوں اور اعلیٰ حکام سے پاور یوٹیلٹی کے اس مقصد میں ساتھ دینے کی درخواست کرتے ہیں کیونکہ غیر قانونی کنکشن خطرے کا باعث ہیں۔ کے الیکٹرک کی جانب سے مسلسل اپ گریڈیشن اور سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ بجلی چوری کیخلاف مہم کی بدولت کراچی کا 70 فیصد حصہ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہوچکا ہے جو ادارے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔‘‘کے الیکٹرک شہر بھر میں بلاتعطل بجلی فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ادارہ ایک بار پھر اپنے معزز صارفین سے درخواست کرتا ہے کہ وہ بجلی چوری پر قابو پانے کیلئے ادارے کی مدد کریں اور اپنے علاقوں میں ہونے والی بجلی چوری کی رپورٹ کریں ۔