ملک سے پولیس سمیت دیگر مواذی امراض کا خاتمہ اولین ترجیح ہے :گورنر سندھ

ملک سے پولیس سمیت دیگر مواذی امراض کا خاتمہ اولین ترجیح ہے :گورنر سندھ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پاکستان کو پولیو کے موذی مرض سے مکمل طور پر فری کرنے کا بھرپور عزم رکھتی ہے اس ضمن میں انسداد پولیو کے لئے کام کرنے والے اداروں سے بھرپور تعاون جاری رکھیں گے ، روٹری انٹر نیشنل کلب کی جانب سے پاکستان میں صحت عامہ کے لئے 22 ملین ڈالرز کی گرانٹ کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہاؤس میں پولیو پلس کمیٹی کے سربراہ عزیز میمن کی قیادت میں آنے والے 6 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔ وفد میں عرفان قریشی ، رئیس احمد خان ، اویس احمد کوہاری ، سلیم راؤ اور اشرف غوری شامل تھے ۔ ملاقات میں صوبہ میں روٹری انٹر نیشنل کی جانب سے جاری صحت عامہ ، انسداد پولیو مہم ، ماؤں کی غذائیت کی کمی کے ضمن میں روٹری کلب کے اقدامات اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔گورنرسندھ نے مزید کہا کہ صحت عامہ کی صورتحال کی بہتری ، پولیو سمیت دیگر موذی امراض کے خاتمہ کے لئے چلائی جانے والی مہم میں بعض علاقوں میں جانا انتہائی دشوار عمل ہوتا ہے اس ضمن میں اداروں کو چاہئے کہ وہ ان علاقوں کی مساجد کے خطیبوں اور تعلیمی اداروں سے رابطہ کرکے مقامی افراد کو بھی اس میں شامل کریں تا کہ چلائی جانے والی مہم کے موئثر نتائج حاصل کئے جا سکیں ۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمہ کے لئے حکومت ہر ممکن تعاون کے ساتھ ساتھ ان امراض کے خاتمہ سے وابستہ اداروں کو بھرپور معاونت فراہم کرے گی لیکن حکومت کے اقدامات کی کامیابی اسی صورت سامنے آسکتی ہے جب والدین بھی اداروں سے بھرپور تعاون کرتے ہوئے اپنے بچوں کو بیماریوں سے بچاؤ کے مدافعتی کورسز مکمل کرانے میں بھرپور دلچسپی لیں اس ضمن میں موذی امراض سے متعلق آگاہی مہم اہم ثابت ہوسکتی ہے ۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ روٹری کلب کی جانب سے ماؤں میں غذائیت کی کمی کے حوالہ سے اٹھائے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں ، صوبہ کے تمام اضلاع میں موئثر اور بھرپور مہم سے متوقع نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں حکومت بھی روٹری کلب سے بھرپور تعاون کرے گی ۔ ملاقات میں پولیو پلس کمیٹی کے سربراہ عزیز میمن نے گورنر سندھ کو بتایا کہ روٹری کلب انٹرنیشنل کے پاکستان بھر میں 58 سرویلنس سینٹر قائم ہیں ،ادارہ1986 ء سے اب تک پاکستان میں صحت عامہ کے مسائل پر 1.8 ارب ڈٖالرز خرچ کرچکا ہے جبکہ حال ہی میں روٹری کلب انٹر نیشنل نے پاکستان کے لئے 22 ملین ڈالرز کی گرانٹ کی منظوری دے دی ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ حکومت کی کاوشوں کے باعث گذشتہ دو برس کے دوران فاٹا میں پولیو کا کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے اسی ملک کے دیگر علاقوں جہاں ماضی میں پولیو کا مرض تشویشناک حد تک بڑھ چکا تھا اب وہاں بھی حوصلہ افزا نتائج حاصل ہو رہے ہیں امید ہے کہ جلد پاکستان کو عالمی سطح پر پولیو فری ممالک کی فہرست میں شامل کرلیا جائے گا ۔

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل سے صوبائی محتسب اسد اشرف ملک نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں صوبہ کے عوام کو نچلی سطح پر انصاف کی فراہمی میں ادارہ کے کردار ، اضلاع کی سطح پر قائم دفاتر کے قیام سے عوام کے مسائل با الخصوص سرکاری عمال کے خلاف شکایات کے ازالہ اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ عوام کو ہر ممکن سہولیات اور سرکاری اداروں با الخصوص علاقائی مسائل اور شکایات کے فوری حل حکومت کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں صوبائی محتسب کا کردار اہم ہے ، ادارہ کے دائرہ کار کو اضلاع کی سطح پر پھیلانا قابل تحسین اقدام ہے لیکن ادارہ کو مزید اقدامات اٹھانے با الخصوص جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ملاقات میں صوبائی محتسب اسد اشرف ملک نے گورنرسندھ کو ادارہ کی کارکردگی سے متعلق تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ گورنرسندھ کی مشاورت سے ادارہ میں مزید بہتری لائی جائے گی ، صوبائی محتسب نے بتایا کہ ادارہ کے ذیلی ادارے شب وروز عوام الناس کو فوری انصاف کی فراہمی میں سرگرم عمل ہے ، کوشش ہے کہ علاقائی سطح پر ہی عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔