حسن نے بھارتی ٹاپ آرڈرکو اپنے نشانے پر رکھ لیا

دبئی(بی این پی )پاکستانی فاسٹ باﺅلر حسن علی 19 ستمبر کو ایشیاءکپ میں بھارت کے ناتجربہ کار بیٹسمینوں کیخلاف باﺅلنگ کیلئے بے چین ہیں۔ روہت شرما،شیکھردھون اورمہندرسنگھ دھونی میرااصل ہدف ہونگے۔ گزشتہ برس چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی فتح کے اہم کردار کا کہنا تھا کہ وہ بھارت کیخلاف مہندر سنگھ دھونی کی وکٹ حاصل کر کے بہت خوش ہوئے تھے اور اس بار بھی ان کی یہی کوشش ہوگی کہ وہ سابق بھارتی کپتان کو اپنا ہدف بنائیں۔
حسن علی کا کہنا تھا کہ وہ بہترین کارکردگی کیلئے اپنی فٹنس پر بہت زیادہ دھیان دیتے ہیں کیونکہ اس کی بدولت انہیں تینوں فارمیٹس میں کامیابی کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملتا ہے۔ پاکستانی پیسر کا کہنا تھا کہ اگر بھارتی کپتان ویرات کوہلی بھی اس میچ میں موجود ہوتے تو ان کی وکٹ کا حصول ان کی اولین ترجیح ہوتا۔پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی کا شمار پاکستان کی جانب سے ایک تجربہ کار فاسٹ باﺅلر کی حیثیت سے ہوتا ہے بھارتی کرکٹ ٹیم کو حسن علی سے خطرہ ہوسکتا ہے کیونکہ وہ کئی مرتبہ بھارتی کھلاڑیوں کے ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔
ابھی پچھلے دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کے لیے فٹنس کیمپ کا انعقاد کیا تھا جس کے بعد کھلاڑیوں کی فٹنس جانچنے کے لیے یویو ٹیسٹ بھی لیے گئے جس میں نوجوان فاسٹ باﺅلر حسن علی کا ٹیسٹ سکور 20 پوائنٹس رہا اور انہوں نے نہ صرف پاکستانی کھلاڑیوں کو بلکہ بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ¾اس کے علاوہ حسن علی نے ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 50 وکٹیں لے کر سابق فاسٹ باﺅلر وقار یونس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔