یمن کے لیے اقوام متحدہ کے عالمی مندوب کا یمن میں سیاسی بات چیت میں اہم پیش رفت کا دعویٰ

صنعاء (این این آئی)یمن کے لیے اقوام متحدہ کے امن مندوب مارٹن گریفیتھ نے کہا ہے کہ یمن کی آئینی حکومت اور حوثی باغیوں کے درمیان مذاکرات کی بحالی کی کوششوں میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اپنے جاری کردہ بیان میں گریفیتھ کا کہنا تھا کہ ان کی صنعاء میں حوثیوں اور جنرل پیپلز کانگریس کے رہ نماؤں سے تعمیری اور مثبت بات چیت ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن میں متحارب فریقین کے درمیان بات چیت کی بحالی کی قوی امید پیدا ہوئی ہے۔حوثیوں کی طرف سے قیدیوں کے تبادلے، اقتصادی صورت حال کی بہتری اور صنعاء ہوائی اڈے کو کھولنے کے مطالبات سامنے آئے ہیں۔اقوام متحدہ کے امن مندوب حوثیوں کی تجاویز لے کریمنی حکومت کے ساتھ سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں مذاکرات کریں گے۔