ایران میں آئل ٹینکر اور بس میں تصادم ،19 افراد ہلاک،درجنوں زخمی

ایران میں آئل ٹینکر اور بس میں تصادم ،19 افراد ہلاک،درجنوں زخمی
ایران میں آئل ٹینکر اور بس میں تصادم ،19 افراد ہلاک،درجنوں زخمی

  

تہران(این این آئی)ایران کے وسطی شہروں کاشان اور نطنز کے د رمیان ایک آئل ٹینکر اور مسافر بس کے درمیان ہونے والے تصادم کے نتیجے میں کم سے کم19 افراد ہلاک ہوگئے۔

ایرانی ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ جنوبی تہران میں200 کلو میٹردور اس وقت پیش آیا جب ایک آئل ٹینکر مخالف سمت سے آنے والی بس سے ٹکرا گیا۔ ایرانی پولیس کا کہنا تھا کہ بس میں 47 مسافر سوار تھے،تصادم کے باعث آئل ٹینکر سے ٹکرانے کے بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی۔ایرانی پولیس چیف محمد حسین حمیدی نے بتایا کہ المناک ٹریفک حادثے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے جنہیں تہران سمیت دوسرے شہروں کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، تاہم حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

دوسری جانب صدر حسن روحانی نے ٹریفک حادثے کو المناک قرار دیتے ہوئے حادثات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔خیال رہے کہ ایران کے سرکاری اعدادو شمار کے مطابق 21 مارچ 2017ء سے 21 مارچ 2018ء تک ٹریفک حادثات میں 16 ہزار 300 افراد لقمہ اجل بنے جب کہ 3 لاکھ 36 ہزار زخمی ہوئے ہیں۔

مزید : بین الاقوامی