رہائی کے بعد مریم نواز شریف کی تازہ ترین تصاویر سامنے آ گئیں

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیراعظم نواز شریف ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد محمد صفدر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔
تینوں افراد رہائی کے بعد اسلام آباد ائیرپورٹ سے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچے۔ رہائی ملنے کے بعد سابق زیراعظم اور مریم نواز شریف کی تازہ ترین تصاویر منظرعام پر آ گئی ہیں جن میں ناصرف نواز شریف بلکہ مریم نواز شریف کو بھی قدرے مطمئن نظر آ رہی ہیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بنچ نے نواز شریف، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطلی کی اپیلوں پر سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر اکرم قریشی کے دلائل اور نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کے جوابی دلائل مکمل ہونے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس اطہر من اللہ نے مختصر فیصلہ پڑھ کر سنایا۔
ہائی کورٹ نے احتساب عدالت کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے نواز شریف، مریم اور صفدر کو رہا کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے تینوں ملزمان کو پانچ پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا کہ تینوں ملزمان کی اپیلوں پر حتمی فیصلے تک احتساب عدالت کا حکم معطل رہے گا۔