سپیکر کے پی اسمبلی کو کرپشن الزامات میں کلین چٹ دینے پر پی ٹی آئی کی احتساب کمیٹی میں اختلافات

پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن )سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کو کرپشن الزامات کی تحقیقات میں کلین چٹ دینے والی انٹرنل احتساب کمیٹی میں اختلافات سامنے آگئے۔
احتساب کمیٹی کے رکن مصدق عباسی نے قاضی انور ایڈووکیٹ کی جانب سے رپورٹ پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا کو بھیجنے پر بھی اعتراض اٹھا دیا۔قاضی انور ایڈووکیٹ نے بھی تسلیم کیا کہ تین رکنی کمیٹی کے رکن مصدق عباسی اس بات سے متفق نہیں ہیں کہ بابر سلیم سواتی نے کرپشن نہیں کی۔
انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ کمیٹی کے ایس او پیز کے مطابق رپورٹ صرف بانی پی ٹی آئی کو بھیجی جا سکتی ہے لیکن سلمان اکرم راجا نے رپورٹ مانگی تھی اس لئے انہیں بھیج دی۔کمیٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے دیگر دو ارکان مصدق عباسی اور شاہ فرمان دونوں ہی رپورٹ سلمان اکرم راجا کو بھیجنے پر نالاں ہیں۔
خیال رہے کہ اعظم سواتی نے سپیکر کے پی اسمبلی بابر سلیم سواتی پر کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات عائد کئے تھے جس پر بابر سلیم سواتی نے خود کو احتساب کے لئے پیش کیا تھا۔