جمعیت علمائے اسلام ضلع چارسدہ کے مجلس شوری کا اجلاس
چارسدہ (بیو رو رپورٹ) جمعیت علمائے اسلام ضلع چارسدہ کے مجلس شوری کا اجلاس، آزادی ملین مارچ اور بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لینے کا فیصلہ، اس سلسلے میں جے یوآئی ضلع چارسدہ کے مجلس شوریٰ کا اجلاس زیر صدارت ضلعی امیر و سابق ایم این اے مولانا سید گوہر شاہ منعقد ہوا۔ اجلاس میں مولانا الہی جان، مولانا عبدالرؤف شاکر، حاجی محمد کریم، ثناء اللہ دانش، حاجی حنیف اللہ، امجد علی ایڈو کیٹ، مولانا جمیل احمد، حاجی عبدالرحمان، اخونزادہ عبدالمجید، مولانا طاہر، اور صوبائی رہنماء حاجی دانشمند کے علاوہ شوری ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کے اعلان کے مطابق اسلام اسلام آباد کے آزادی ملین مارچ میں بھر پور شرکت کرکے قوم کو اس ظالم اور کرپٹ حکمران ٹولے سے نجات دلائینگے۔ انہوں نے کہا کہ چارسدہ کے ہزار وں کارکنوں نے پشاور کے ملین مارچ میں مولانا فضل الرحمان کے ہاتھوں بیعت کی ہوئی ہے کہ اسلام آباد کے آزادی مارچ میں شرکت کرکے اس وقت تک دھرنا دیا جائیگا جب تک قوم کو اس حکمران ٹولے سے نجات دلانے کا پیغام نہ دیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور شرکت کرکے مخالفین کیلئے میدان کھلا نہیں چھوڑینگے۔ مقررین نے واضحکیا کہ جے یوآئی اس ضلع کی سب سے بڑی سیاسی قوت بن چکی ہے اس لئے آنے والے بلدیاتی انتخابات ہمارے سامنے بڑی اہمیت کے حامل ہے جس میں ہر سطح پر میدان میں آکر مقابلہ کرینگے۔ مخالفین کو ٹف ٹائم دے کر ان پر اپنی اکثریت ثابت کرینگے۔