قبائلی اضلاع میں انتخابات، 4 نشستوں کا مکمل غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا، تحریک انصاف کو پہلی کامیابی مل گئی

قبائلی اضلاع میں انتخابات، 4 نشستوں کا مکمل غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا، ...
قبائلی اضلاع میں انتخابات، 4 نشستوں کا مکمل غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا، تحریک انصاف کو پہلی کامیابی مل گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع کی 16 نشستوں میں سے 4 کا مکمل غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ آگیا ہے۔ اب تک آنے والے نتائج میں حکمران جماعت تحریک انصاف اور عوامی نیشنل پارٹی کو ایک ایک جبکہ  دو نشستوں پر آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی کے 111 شمالی وزیرستان ون سے تحریک انصاف کے امیدوار اقبال وزیر خان 12 ہزار ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ جے یو آئی (ف ) کے سمیع الدین 2 ہزار ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ پی کے 111 پر تحریک انصاف کے مخالف امیدواروں کی جانب سے انتخابی نتائج تسلیم کرنے سے انکار کردیا گیا ہے اور انہوں نے دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے گزشتہ کئی گھنٹوں سے میران شاہ روڈ بلاک کر رکھی ہے۔

پی کے 103 مہمند ایک کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار نے میدان مار لیا ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار نثار احمد نے مذکورہ حلقے سے 11 ہزار 225 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی ہے ، یہاں حکمران جماعت تحریک انصاف کے امیدوار رحیم شاہ 8 ہزار 454 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ۔

 پی کے 105 خیبر ون کے مکمل غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق یہاں سے آزاد امیدوار نے میدان مارا ہے۔ آزاد امیدوار شفیق شیر آفریدی18 ہزار 135 کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ ایک اور آزاد امیدوار شیرمت خان 6 ہزار 767 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔
پی کے 106 خیبر ٹو میں بھی آزاد امیدوار نے ہی میدان مارا ہے، یہاں آزاد امیدوار بلال آفریدی 12 ہزار 800 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں۔ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق آزاد امیدوار امیر محمد خان 6 ہزار 551 ووٹ لے کر اس نشست پر دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔