آزادکشمیر کا 56ارب روپے کا بجٹ پیش ، تنخواہوں میں10فیصداضافہ
مظفرآباد(مانیٹرنگ ڈیسک) آزاد کشمیر کا مالی سال 2013-14ءکا 55 ارب 68 کروڑ روپے مالیت کا بجٹ پیش کردیا گیا ہے جس میں تنخواہوں اور پنشنوں میں دس فیصداضافے کی تجویز ہے جبکہ تجاویز شامل نہ کرنے پر اپوزیشن بائیکاٹ کرگئی۔ قانون ساز اسمبلی میں مالی سال 2013-14ء کے پیش کیے گئے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں پر 10 ارب 50 کروڑ جبکہ غیر ترقیاتی اخراجات کے لیے 45 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر نے بجٹ پیش کرتے ہوئے کہاکہ شاہرات کی ترقی کے لئے 4 ارب 72 کروڑ 66 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں جو مجموعی ترقیاتی بجٹ کا 45 فیصد ہے۔ بجٹ میں برقیات کے لئے 56 کروڑ اور چھوٹے بجلی گھروں کی تعمیر کے لئے 68 کروڑ روپے مختص کئے گے ہیں۔ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے لئے 85 کروڑ، سیاحت 11 کروڑ 85 لاکھ اور تعلیم کے لئے 80 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ ماحولیات کے لئے 2 کروڑ 50 لاکھ، جنگلی حیات ماہی پروری 35 کروڑ، شہری دفاع 3 کروڑ 60 لاکھ، ترقیاتی ادارہ جات 15 کروڑ، آئی ٹی 2 کروڑ اور ہاﺅسنگ سیکٹر کے لئے 37 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ حزب اختلاف نے حکومت کو دی جانے والی تجاویز بجٹ میں شامل نہ کرنے پر اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا۔