حکومت ناقص کارکردگی کی وجہ سے عوام کی نظروں سے گرچکی، سراج الحق
لاہور(این این آئی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ناقص کارکردگی کی وجہ سے عوام کی نظروں سے گر چکی۔ اپوزیشن اور اراکین پارلیمنٹ کو دھمکیوں کی مذمت کرتے ہیں، گالی اور گولی کی سیاست کو قوم نے ہمیشہ مسترد کیا۔ وزیراعظم کو اپنے وزرا کی طرف سے قربانی کا مشورہ دراصل نظر آنے والی واضح ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ موجودہ حکومت کی ناکامی کا اعتراف وزرا بھی کر رہے ہیں، جو ان کے چہروں اور الفاظ سے عیاں ہے۔ ملک میں 74برسوں سے نظریاتی قیادت اورسیاست کو آگے نہیں بڑھنے دیا گیا۔ لوٹاکریسی کا کلچر دہائیوں سے رائج ہے۔ ملک کے حکمران اپنی محبت اور عشق میں گرفتار ہیں، جنھیں عوام کی کوئی فکر نہیں۔پی ٹی آئی کی حکومت غیر فطرتی اتحاد تھا، مختلف الخیال لوگوں کو جمع کر کے حکومت بنائی گئی جو پونے چار سالوں میں ناکام ہو گئی۔ حکومت اپنی ہی ناکامیوں اور نامرادیوں کے بوجھ تلے دب گئی۔ سسٹم نہیں چلتا، تو فوری طور پر شفاف انتخابات کرائے جائیں۔ ملک کے حقیقی وارث عوام ہیں، جنھیں اپنے نمائندے چننے کا حق دیا جائے۔ حکومت اور اپوزیشن کو پھر مشورہ دیتا ہوں کہ محاذ آرائی کی سیاست ترک کر کے آئین و قانون کا راستہ اپنایا جائے۔ سیاست دانوں میں لڑائی کا نتیجہ ہمیشہ جمہوریت کی رخصتی کی صورت میں سامنے آیا۔ ملک کو سٹیٹس کو سے نجات چاہیے، اہل اور دیانت دار قیادت آگے آئے گی تو تبھی پاکستان کے مسائل حل ہوں گے اور عوام کو ان کا حق ملے گا۔ جماعت اسلامی کرپٹ نظام کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے۔ عوام جاگیرداروں، سرمایہ داروں سے نجات چاہتے ہیں، حقیقی کامیابی اللہ تعالیٰ کے دیے گئے نظام کو اپنانے میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود اور جماعت اسلامی کے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف بھی اس موقع پر موجود تھے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسلام آباد میں سیاسی محاذ آرائی کے دوران لوگوں کے گھروں پر حملے کیے جا رہے ہیں جو کسی بھی اسلامی و جمہوری کلچر میں زیب نہیں دیتا۔ ٹی وی سکرینوں اور سوشل میڈیا پر سیاسی جماعتوں کے کارکنان سرعام ایک دوسرے کو گالیاں بک رہے ہیں۔
سراج الحق