تیجسوی پرکاش کی والدہ نے اداکارہ کی اسی سال شادی کی تصدیق کردی

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بالی ووڈ کی مشہور جوڑی کرن کندرا اور تیجسوی پرکاش جلد ہی شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہے ہیں۔ حالیہ قسط میں سیلیبریٹی ماسٹر شیف کے دوران جب فرح خان نے تیجسوی کی والدہ سے شادی کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے تصدیق کی کہ ان کی بیٹی کی شادی اسی سال ہوگی۔
فرح خان نے جب تیجسوی کو مبارکباد دی تو اداکارہ شرما گئیں اور کہا، "ایسا کچھ طے نہیں ہوا ہے۔" تاہم، چند دن قبل تیجسوی نے خود اشارہ دیا تھا کہ وہ کرن کندرا کے ساتھ کورٹ میرج کریں گی۔ انہوں نے کہا تھا، "مجھے زیادہ دھوم دھام پسند نہیں۔ میں عام سی کورٹ میرج کے لیے بھی تیار ہوں۔ ہم لوگ پھر گھومیں گے، پھریں گے، مزے کریں گے۔"
کرن کندرا اور تیجسوی پرکاش کی محبت کی کہانی کسی سے پوشیدہ نہیں۔ دونوں کی ملاقات بگ باس 15 کے گھر میں ہوئی تھی، جہاں سے ان کی محبت پروان چڑھی۔ حال ہی میں کرن کندرا سیلیبریٹی ماسٹر شیف میں نظر آئے، جہاں انہوں نے تیجسوی کی محنت کو سراہا اور کہا کہ وہ اپنی بہترین کارکردگی دکھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتیں۔