جب آپ لوگوں کو ہنسنے پر مجبور کر دیتے ہیں، شدید سنجیدہ نوعیت سے کچھ دیر کیلیے الگ کر دیتے ہیں تو یہ غصے سے نجات کیلئے بہترین ترکیب ہے

مصنف:ڈاکٹر وائن ڈبلیو ڈائر
ترجمہ:ریاض محمود انجم
قسط:174
اپنے غصے کے اظہار کے لیے مناسب اور معقول طریقوں کی اپنائیت، غصے سے نجات کے ضمن میں ابتدائی اور پہلا قدم ہے۔ پھر کسی دوسرے کے روئیے کے باعث خو دکو اشتعال سے محفوظ رکھنے کا عمل، غصے سے نجا ت کے ضمن میں حتمی قدم ہے۔ آپ اپنے روئیے کے ذریعے یہ ثابت کر سکتے ہیں کہ آپ اپنے احساسات اور جذبات کی باگ ڈور دوسروں کے حوالے کرنے کے قائل نہیں جس کے باعث آپ نہ تو پریشان ہو سکتے ہیں اور نہ ہی غصیلے ردعمل کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔ اس اعلیٰ سطحی سوچ کی اپنائیت اور دوسروں کے ہاتھوں میں اپنے احساسات و جذبات کی باگ ڈور دینے سے انکار کے ذریعے آپ اپنے موجودہ لمحے (حال) میں موجود خو دپر طاری غصے کے باعث نہ تو اپنے آپ کو نقصان پہنچا سکیں گے اور نہ ہی اپنے وجود میں پریشانی و بے چینی پیدا کر سکیں گے۔
مزاح اور ظرافت اپنایئے
یہ آپ کے لیے عین ممکن ہے کہ آپ غصے میں بھی ہوں اور ساتھ ہی ساتھ مزاح اورظرافت کا بھی اظہار کریں۔ غصہ اور مزاح باہمی طور پر علیٰحدہ علیٰحدہ چیزیں ہیں اور آپ ان میں سے کوئی بھی اختیار کر سکتے ہیں۔
ہنسی اور ظرافت، روح کا نور اور روشنی ہے اور روح کو منور اور روشن کیے بغیر کوئی بھی چیز ترقی اور کامیابی نہیں پا سکتی۔ اس ضمن میں ونسٹن چرچل کا قول ہے:
”یہ میرا کامل یقین ہے کہ آپ دنیا کے سنجیدہ ترین مسائل اس وقت تک حل نہیں کر سکتے جب تک آپ مزاح اورظرافت سے کماحقہ واقف نہ ہوں۔
ممکن ہے کہ آپ زندگی کے معاملات کے بارے بہت زیادہ سنجیدہ رویہ اختیار کرتے ہوں۔ اس دنیا کے کامیاب ترین افراد کی ایک ممتاز خصوصیت ان کی لطیف و نرم حس مزاح و ظرافت بھی ہو سکتی ہے۔ جب آپ دوسرے لوگوں کو ہنسنے پر مجبور کر دیتے ہیں اور حالات زندگی کی شدید سنجیدہ نوعیت سے کچھ دیر کے لیے الگ کر دیتے ہیں تو آپ کا یہ فعل غصے سے نجات کے لیے بہترین ترکیب ہے۔
اپنے روزمرہ معمولات زندگی کے ضمن میں آپ جو کچھ بھی عملی سرگرمیاں انجام دیتے ہیں یا آپ غصیلہ رویہ اختیا رکرتے یا نہیں کرتے تو آپ کا یہ رویہ محض ایسا ہے کہ جیسے نیاگرا آبشار میں پانی کا ایک گلاس انڈیل دیا جائے۔ اس امر کی اہمیت یہیں تک ہے کہ اگر آپ غصے کا اظہا رکرتے ہیں یا ظرافت اپناتے ہیں کہ مزاح اورظرافت کے باعث آپ کے موجودہ لمحات (حال) خوشگوارہو جائیں گے جبکہ غصیلے پن کے باعث آپ اپنا وقت اور توانائی ضائع کریں گے۔
کیا آپ روزمرہ معمولات زندگی اور اپنے متعلق اس قدر شدید سنجیدگی کے ساتھ سوچتے ہیں کہ پیچھے مڑ کر یہ نہیں دیکھ سکتے کہ اپنے معمولات اور اپنے متعلق اس قدر شدید سنجیدگی کا اظہار کس قدر احمقانہ اور مبہم فعل ہے؟ آپ کی شخصیت اور کردار میں مزاح اورظرافت کی عدم موجودگی آپ میں موجود کمزوری اور خامی کی نشانی ہے۔ جب آپ اپنے اور اپنے روزمرہ معمولات زندگی کے متعلق اس قدر غیرمعمولی سنجیدگی اختیار کرتے ہیں تو آپ خو دکو باور کرا لیجیے کہ یہی آپ کے پاس آپ کی زندگی کا موجود لمحہ (حال) ہے جسے آپ انتہائی سنجیدگی کے عالم میں گزار رہے ہیں تو آپ پھر اس موجودہ لمحے کو کیوں غصیلے پن میں گزار دیتے ہیں اور ظرافت و مزاح کو اپنی زندگی میں کیوں داخل نہیں کرتے اوراپنی زندگی میں خوشی و مسرت کیوں محسوس نہیں کرتے؟
(جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔