یونائیٹڈ گروپ کے چیئر مین میاں شاہد کے لئے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کا اجراء
لاہور ( بزنس رپورٹر ) صنعت اور کاروبار سے وابستہ ملک کی اہم شخصیات کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمانِ خصوصی گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ تھے جبکہ تقریب میں ملک بھر سے صنعتکاروں کاروباری افراد اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے یونائیٹڈ انٹرنیشنل گروپ کے چیئر مین میاں ایم اے شاہد کو بہترین کاروباری کامیابیوں اور ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے پر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا۔ گورنر پنجاب نے یونائیٹڈ گروپ کے اہم ترین ادارے یونائیٹڈ انشورنس کمپنی کے ملکی ترقی میں اہم ترین کردار اور صارفین کو بہترین بیمہ سہولیات مہّیا کرنے کے کردار کی تعریف کی اور اُمید ظاہر کی کہ یونائیٹڈ انشورنس اور گروپ کے دیگر ادارے اسی جذبے ، جوش اور ولولے کے ساتھ قومی خدمت میں مصروفِ عمل رہیں گے۔ اس موقع پر یونائیٹڈ انٹرنیشنل گروپ کے چیئر مین میاں شاہد نے کہا کہ وہ لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کے حصول پر اللہ رب العزت کے بعد گورنر پنجاب اور تقریب کے منتظمین کے شکر گزار ہیں جنہوں نے یونائیٹڈ گروپ کی خدمات کو سراہتے ہوئے ہمیں ایوارڈ سے نوازا الحمداللہ یونائیٹڈ انشورنس کمپنی پچھلے 50 سال سے بھی زائد عرصہ سے انشورنس کی بہترین خدمات فراہم کر رہی ہے
اور اس وقت اس کا شمار ملک کی چوتھی بڑی کمپنی میں ہوتا ہے اسی طرح گروپ کے دیگر ادارے ایس پی آئی انشورنس کمپنی ، یونائیٹڈ ٹریک سسٹم ، اپنا بینک لمیٹڈ اور دیگر ادارے اپنے اپنے شعبہ جات میں بہترین خدمات فراہم کر رہے ہیں اور انشاء اللہ آنے والے وقت میں ہم اپنی انتہائی صلاحیتوں کے ساتھ ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔