کشمیریوں کے خون ناحق سے دنیائے انسانیت کی آنکھیں کھلنی چاہیے جماعت اسلامی
سری نگر(کے پی آئی)جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیرنے اپنے ایک بیان میں باسط مختار ساکن پلوامہ اور ناصر شفیع ساکن ہارون کو جرم بے گناہی کی پاداش میں جاں بحق کئے جانے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز اہلکار کشمیریوں کی نسل کشی پر منصوبہ بند طریقے سے کام کررہے ہیں۔ باسط مختار اور ناصر شفیع جیسے نونہالاں کے خون ناحق سے دنیائے انسانیت کی آنکھیں کھلنی چاہیے جو تاحال کشمیریوں پر ہورہے مظالم پر لب کشائی کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ بھارت عالمی دنیا کو ترقی اور نام نہاد دہشت گردی کے پرفریب نعروں کی آڑ میں گمراہ کرکے کشمیر کی زمینی صورتحال کو اپنے مکروہ منصوبے کے تحت چھپارہا ہے تاکہ کشمیریوں پر فوج اور دیگر ایجنسیوں کی جانب سے ہورہی حقوق کی پامالیوں کا کوئی خاطر خواہ نوٹس نہ لیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی دہلی کی طرف عالمی حقوق انسانی کمیشن کو کشمیر کے اندر آنے کی اجازت نہ دینے سے جمہوریت کا دعوی کرنے والوں کا چہرہ اب دنیا کے سامنے عیاں ہونے لگا ہے۔
بیان میں کہاگیاکہ فورسز کشمیریوں کی آوازکو دبانے کی خاطر نہتے اور پرامن مظاہرین پر گولیاں اور پیلٹ چلاکر اپنی جائز مانگ سے پیچھے دھکیل رہے ہیں جس کے نتیجے میں 8جولائی سے تا ایں دم 87معصوم نوجوان زندگی کے حق سے محروم کردئے گئے ہیں۔بیان میں کہاگیا کہ پولیس اور دیگر فورسز شبانہ چھاپوں کی آڑ میں بستیوں کو تہس نہس کرکے مکینوں کا زدوکوب کرنے کے علاوہ بے گناہ نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بناکر خوف و دہشت کا ماحول قائم کررہے ہیں،ظلم و جبر پر مبنی ایسی کارروائیوں سے نہ ہی ماضی میں سیاسی مقاصد حاصل کئے جاسکے اور نہ ہی مستقبل میں ایسی کوئی امید ہے۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی خواجہ غلام محمد بٹ نے سب جیل کوٹھی باغ جاکر ایڈوکیٹ زاہد علی کی عیادت کی جو پولیس حراست کے دوران کافی علیل ہوگئے ہیں۔