بھارتی فورسز کی فائرنگ سے قریب100 بجلی ٹرانسفارمرناکارہ

بھارتی فورسز کی فائرنگ سے قریب100 بجلی ٹرانسفارمرناکارہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سری نگر(کے پی آئی) وادی میں پر تشدد احتجاج کے دوران بھارتی فورسز کی فائرنگ سے قریب100 بجلی ٹرانسفارمرناکارہ بن گئے ہیں جن میں سب سے زیادہ تعداد جنوبی کشمیر کے اننت ناگ اور کو لگام اضلاع میں ہے۔عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ جب بھی کہیں ریلی ناکام بنانے کی کوشش کی جاتی ہے تو سب سے پہلے فورسز اہلکار بجلی ٹرانسفارمروں کو گولیوں کا نشانہ بناتے ہیں اور اب تک جنوبی کشمیر کے درجنوں دیہات گھپ اندھیرے میں ڈوب گئے ہیں۔ترال کے ڈاڈسرہ، نور پورہ اور آری گام میں شبانہ شلنگ کے دوران فورسز نے 6ٹرانسفارمروں کو ناکارہ بنایا جس سے یہ دیہات برقی رو سے محروم ہوگئے ہیں۔سوپور میں کل ہی پر تشدد احتجاج کے دوران 6 ٹرانسفارمروں کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔ محلہ شاہ آباد، سنگرام پورہ، خوشحال متو، ہاتھی شاہ اور بابا یوسف کے علاقوں میں بجلی کی سپلائی متاثر ہوگئی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ فورسز کی یہ منطق سمجھ سے بالا تر ہے کہ وہ کیوں بجلی ٹرانسفارمروں کو نشانہ بنانے کی کارروائیاں کرتے ہیں۔بڈگام ضلع میں تحصیل بیروہ بھی بہت متاثر ہوا ہے جہاں29 ٹرانسفارمر فائرنگ کر کے تباہ کئے گئے۔اعدواوشمار کے مطابق بیروہ خاص میں9،نارہ بل میں 2،اوم پورہ میں2،واتھورہ میں 2،گڈستھو میں1،کاوسہ میں 2،ہکری پورہ میں 1،وڈی پورہ میں1مازہامہ میں 4،رٹھسونہ میں2،مکہامہ میں 2اور چچلورہ میں 1بجلی ٹرانسفارمر خراب ہوئے ہیں۔اننت ناگ کے پیٹھ بگ،اجان،ہیر دیالگام، بونہ دیالگام، چک اور فتح پورہ دیہات میں فورسز اہلکاروں نے فائرنگ کرکے6بجلی ٹرانسفارمروں کو ناکارہ بنایا۔حتی کہ سٹریٹ لائٹس کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔بلبل نوگام میں کچھ روز قبل3ٹرانسفارمروں کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔سیر ہمدان میں فورسز کی فائرنگ سے 3ٹرانسفارمر ناکارہ بنائے گئے۔بوٹینگو اننت ناگ میں بھی بجلی ٹرانسفارمروں پر مظاہرین کا نزلہ گرایا گیا۔
پنجورہ شوپیان میں جہاں بڑے پیمانے پر پر تشدد احتجاج ہوا تھا، فورسز نے جاتے جاتے کئی ٹرانسفارمروں پر گولیاں چلائیں جس کے باعث کئی علاقے برقی رو سے محروم ہوگئے۔ٹکرو شوپیان میں احتجاج کے دوران اس علاقے کے کئی بجلی ٹرانسفارمروں کو گولیوں سے نقصان پہنچایا گیا۔میمندر شوپیان علاقے میں کئی ٹرانسفاروں کو ناکارہ بنایا گیا۔اننت ناگ میں کچھ روز قبل تک18بجلی ٹرانسفارمر ناکارہ بنائے ہیں۔محکمہ بجلی کے حکام کا کہنا ہے کہ جہاں کہیں بھی بجلی ٹرانسفارمر خراب ہوا وہ فورسز کی گولیوں سے ناکارہ بنائے گئے ہیں۔غور طلب بات یہ ہے کہ جنوبی کشمیر میں جہاں کہیں بھی عوامی ریلی کا انعقاد ہوتا ہے وہاں فورسز اور پولیس اہلکار ریلی کو ناکام بنانے کی کوشش کرتے ہیں اور جب پر تشدد احتجاج ہوتا ہے تو سب سے پہلے بجلی ٹارسفارمروں کو ہی نشانہ بنایا جاتا ہے۔چیف انجینئر بجلی بشیر احمد خان نے ذرائع کو بتایا کہ وادی میں اب تک قریب 100بجلی ٹرانسفارمر ناکارہ بن گئے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ جنوبی کشمیر میں اننت ناگ اور کولگام اضلاع میں یہ تعداد سب سے زیادہ ہے۔بشیر احمد خان نے مزید بتایا کہ انکے محکمے نے انتھک کوششوں سے کئی علاقوں کے ٹرانسفارمر ٹھیک کرائے ہیں اور متعدد کو ٹھیک کرانے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن بہت سارے ٹرانسفارمر ایسے بھی ہیں جو بہت زیادہ ناکارہ ہوگئے ہیں جنہیں فوری طور پر ٹھیک نہیں کرایا جاسکتا، بلکہ وہ ٹھیک بھی نہیں ہوسکتے۔

مزید :

عالمی منظر -