حکومت پاکستان کے وقار اور سلامتی کا تحفظ ہر قیمت پر کرے گی،خواجہ عمران نذیر

حکومت پاکستان کے وقار اور سلامتی کا تحفظ ہر قیمت پر کرے گی،خواجہ عمران نذیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے جنرل سیکرٹری و رکن پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ عمران غیروں کے ایجنڈے پر ہیں بتائیں ملک میں انتشار پھیلانے اور ترقی کا راستہ روکنے کے لئے کتنے میں سوداہوا،پی ٹی آئی رائیونڈ سمیت جہاں چاہے پر امن احتجاج کرے، لیکن اداروں سے ٹکرانے سے گریز کیا جائے،جو وہ چاہتے ہیں وہ کبھی نہیں ہوگا،ہماری حکومت پاکستان کے وقار اور سلامتی کا تحفظ ہر قیمت پر کرے گی، قومی ا یکشن پلان پر سو فیصد عمل کیا جائے گا، کو ئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے کہ قوم کو دھوکہ دے کر کوئی گروہ اپنی دہشتگردانہ کرروائیاں کرکے ملک کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کرے گا ،پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، غیروں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ان کے ایجنٹوں کو اب پاکستان سے نکل کر کہیں اور جا کر بسیرا کرنا ہوگا۔گذشتہ روز لاہور دفتر میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے تاریک سیاسی مستقبل کو بچانے کے لئے اپنی منفی اور افراتفری کے ایجنڈے کے ذریعے لاشیں گرانا چاہتے ہیں لیکن حکومت انہیں ایسا موقع فراہم نہیں کرے گی ،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیریوں ی بھر پور نمائندگی کریں گے،پاکستان کشمیریوں کی ہر صورت ہر طرح کی مدد اور حمایت کرتا رہے گا،اور ان کی آزادی کی تحریک کو ہر فورم پر اٹھائے گا۔کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں بلکہ پاکستان کی شہ رگ ہے وہ کسی غلط فہمی میں نہ رہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کے خلاف عالمی فورم اور سفارتی سطح پرآواز اٹھائے گااور وفود کو دنیا بھرمیں بھیج کر بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا جائے گا۔